پولیو جیسی مہلک بیماریاں ہمارے مستقبل کیلئے خطرہ ہیں، ہم نے ان بیماریوں سے اپنے بچوں کو محفوظ بنانا ہے‘رانا محمد اقبال خاں

اراکین اسمبلی کو اپنے حلقوں میں پولیواور اس کی روک تھام کیلئے آگاہی کے پروگرام منعقد کرنے چاہئیں،سپیکر پنجاب اسمبلی کا خطاب

بدھ 24 دسمبر 2014 17:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء) پولیو جیسی مہلک بیماریاں ہمارے مستقبل کیلئے خطرہ ہیں، تمام اراکین اسمبلی کو بچوں کی صحت کے متعلق ایسا کردار ادا کرنے میں ہمہ وقت تیار رہنا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار سپیکر رانا محمد اقبال خاں نے اراکین پنجاب اسمبلی کو پولیو کی روک تھام اور بچاؤ کے حوالہ سے بریفنگ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ اسی طرح کی میٹنگز مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔ہمارے لئے یہ لمحہ فکر یہ ہے کہ ایٹمی پاور ہونے کے باوجود ابھی تک ہم اپنے بچوں کو بنیادی تندرست ماحول دینے میں ناکام ہیں۔پاکستان ان تین ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو جیسی مہلک بیماری ہمارے مستقبل کو معذور کر رہی ہے۔ہم نے ان سب بیماریوں سے اپنے بچوں کو محفوظ بنانا ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا تمام اراکین اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے پولیواور اس کی روک تھام کی آگاہی کے پروگرام منعقد کرنے چاہییں تا کہ اس موذی مرض سے بچاؤ کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو آگاہی حاصل ہو سکے۔ سپیکرنے کہا کہ بیشتر ممالک پاکستان پر پابندیاں لگانے کے درپے ہیں کہ ہم پولیو وائرس کی منتقلی کا ذریعہ ہیں،ہمیں یہ الزام اپنے اوپر سے مٹانا ہے۔

،ہمیں اپنے بچوں کوتندروست پاکستان اور عزت احترام کی زندگی دینی ہے ۔ رانا محمد اقبال خاں نے کہا ہم نہیں چاہتے کہ باہر کے ممالک میں ہماری سکریننگ کیلئے خصوصی قطاریں بنائی جائیں کہ یہ پولیو وائرس کا ذریعہ ہیں پولیو ورکرزکم معاوضے میں بھی اپنے جان کی پرواہ کئے بغیر ہمارے صحت مند مستقبل کیلئے قربانیا ں دے ر ہے ہیں۔اراکین اسمبلی میڈیا کے دوستوں کی مدد سے پولیو،خسرہ اور دیگر بیماریوں سے متعلق آگاہی کا مربوط پروگرام شروع کریں۔

کوئی بھی والدین جان بوجھ کر بچوں کو بیماری کے منہ میں نہیں ڈھکیلتے ۔میں سمجھتا ہوں کہ شائد ہمارے آگاہی کے پروگراموں میں کہیں نہ کہیں کوئی کمی ہے کہ ہمارے بچے آج بھی ان بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں جو دنیا سے ختم ہو چکی ہے۔ قبل ازیں معزز اراکین اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔