ملک میں غیر معمولی حالات کے پیش نظر فوجی عدالتیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ،معاملات اب یا کبھی نہیں کی نہج تک پہنچ چکے ‘ وزیر داخلہ پنجاب

بدھ 24 دسمبر 2014 17:11

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء )وزیر داخلہ پنجاب کرنل(ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے ملک میں غیر معمولی حالات کے پیش نظر فوجی عدالتیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ معاملات اب یا کبھی نہیں کی نہج تک پہنچ چکے ہیں،سانحہ پشاور نے فوج، سیاستدانوں اور قوم کو دہشتگردی کے خلاف متحد کر دیا ہے لہٰذا دہشتگردی کے خلاف جنگ اب نہ جیتی تو کبھی نہیں جیت سکیں گے۔

۔پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو پھانسی دینے کے معاملے پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کوئی دباوٴ نہیں،اعلی عدلیہ نے دہشتگردی کے خلاف حکومتی فیصلوں میں معاون کا کردار ادا کرتے ہوئے دہشتگردوں کو پھانسیوں پر عملدرآمدکا وقت 3سے 7دن تک کر دیا اور جن پھانسیوں پر عملدرآمد رک گیا ان پر بھی قانونی کارروائی مکمل کر کے جلد از جلد عملدرآمد کروا دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کرنل(ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ35سال سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شامل ہیں جس نے ریاستی اداروں کو کمزور کر دیا لہٰذا اس صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ وہ خوددہشتگردی کے خلاف جنگ کو لیڈ کریں گے ۔پنجاب میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وزیر اعلی شہباز شریف کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی گئی۔ایک سوال پر وزیر داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے کے 90فیصد مدرسوں میں دہشتگردوں کو تربیت نہیں دی جارہی ہے جبکہ مولانا عبدالعزیز جیسے لوگوں کی ہر سطح پر مذمت کی جانی چاہیے ۔