سندھ ہائی کورٹ ، کنزیومر ایکٹ کے نفاذ سے متعلق دائر درخواست پر حکومت سندھ کو چار ہفتوں میں جواب داخل کرانے کا حکم

بدھ 24 دسمبر 2014 16:35

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء) سندھ ہائی کورٹ نے صوبے میں کنزیومر ایکٹ کے نفاذ سے متعلق دائر درخواست پر حکومت سندھ کو چار ہفتوں میں جواب داخل کرانے کا حکم دے دیا ۔کیس کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عقیل احمد عباسی اور جسٹس جنید غفار پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔دوران سماعت ڈپٹی ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ کنزیومر ایکٹ سے متعلق سمری وزیرا علیٰ سندھ کو بھجوادی گئی ہے ۔

لیکن تاحال سمری پر وزیر اعلیٰ سندھ نے دستخط نہیں کیے ہیں ۔عدالت نے شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ 15ماہ قبل کنزیومر ایکٹ کے نفاذ سے متعلق سمری منظور کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا عملدرآمد کیوں نہیں ہوا ؟ ڈپٹی ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی مصروفیات کے باعث سمری کی منظوری نہیں ہوسکی ۔

(جاری ہے)

آئندہ سماعت پر حکومت کی جانب سے جواب داخل کرایا جائے گا ۔

درخواست گذار رانا فیض الحسن نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ 2011میں صوبے میں صارفین کے تحفظ کے لیے قانون نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن تاحال صارفین کے تحفظ کے لیے ایکٹ نافذ نہیں کیا گیا ۔اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر حصوں میں کنزیومر ایکٹ نافذ ہے لیکن سندھ میں صارفین کے حقوق کے لیے کسی قسم کا کوئی قانون موجود نہیں ہے ۔کنزیومر ایکٹ صارفین کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :