وزیراعظم آزاد کشمیر نے بجلی ٹیرف میں اضافہ موخر کر کے ستمبر 2013ء کے ٹیرف کے مطابق بجلی کے بلوں کی وصولی کیلئے ہدایات جاری کردی

بدھ 24 دسمبر 2014 16:32

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء) وزیراعظم آزادکشمیر نے آزاد کشمیر میں بجلی ٹیرف اضافہ موخر کر کے ستمبر2013کے ٹیرف کے مطابق بلات بجلی کی وصولی کے لئے ہدایات دے دی ہیں جس پر پروٹیکشن فو رم میرپور کی طرف سے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے آزادکشمیر میں بجلی کے ٹیرف میں کمی، 250میگا واٹ بجلی کا کوٹہ مختص کرنے ،واٹر یوزر چارجز خیبر پختونخواہ کے برابر دینے کے معاملہ سے اتفاق کیا ہو اہے ۔

وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے آئندہ دورہ آزادکشمیر کے موقع پر پروٹیکشن فورم کے مطالبات کو آزادکشمیر کے وفاق کے ساتھ دیگر مطالبات میں شامل کیا جائے گا اور وزیراعظم پاکستان نواز شریف اپنے دورہ کے دوران ہی آزادکشمیر کے معاملات یکسو کرنے کے احکامات جاری کریں گے جن پر فوری عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپور پروٹیکشن فورم کے نمائندہ وفد ،سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر آزادکشمیر کے وزیر ہاؤسنگ چوہدری پرویز اشرف ،وزیر اعظم کے سیاسی مشیر شوکت راجہ ایڈووکیٹ ،وزیر اعظم کے میڈیا ایڈوائزر سید اعزادار کاظمی ،ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد طارق،ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم،ایس ای برقیات رانا محمد رفیق ،ایکسین برقیات راجہ عمر حیات خان ،پروٹیکشن فورم میرپورکے نمائندگان سمیت مختلف مکتبہ فکر کے افراد بھی موجود تھے۔

پروٹیکشن فورم میرپور کے چیئرمین محمد ایوب مسلم نے بجلی ٹیرف سمیت دیگر 8نقاتی ایجنڈا وزیراعظم کو پیش کیاجبکہ سہیل شجاع مجاہد، شوکت محمود چوہدری اور سید محمود حسین شاہ نے بھی عوامی مسائل بیان کیے ۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے وفدکے جملہ مسائل سنے اور بجلی ٹیرف میں کمی کی یقین دھانی کرواتے ہوئے محکمہ برقیات سمیت انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ بجلی کاٹیرف ستمبر 2013کے مطابق ہی صارفین سے وصول کریں ۔

بجلی کے سابقہ بقایاجات تاتصفیہ عوام سے حاصل نہ کیے جائیں جس پرہڑتال کی کال ختم کردی گئی ۔انھوں نے کہا کہ میں ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کا محافظ اور چوکیدار ہوں پوری ریاست کے لوگوں کویکساں ریلیف فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے میری کوئی برادری اور علاقہ نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و شریک چیئرمین آصف علی زارداری سے میرپور اور مظفرآباد کے لئے دو میڈیکل کالجوں کی منظوری حاصل کی اور پھر تیسرا میڈیکل کالج بھی ہم نے راولاکوٹ میں بنا دیااور اس طرح آزاد کشمیر میں میڈیکل کالج ایک کی بجائے تین قائم کر دیئے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر کے لیے بجلی کاکوٹہ مختص کرنے ،نیلم وجہلم ہائیڈل معاہدہ پر دستخط ،واٹر یوزج چارجز، منگلا ڈیم توسیع منصوبے پر عملدرآمد، زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ایراء کے تحت چلنے والوں منصوبوں کی تکمیل کی وزیراعظم پاکستان نواز شریف یادہانی کروا چکے ہیں اور وزیراعظم پاکستان کے آئندہ دورہ آزادکشمیر کے موقع پر ان تمام امور پر عملدرآمد کے حتمی احکامات جاری ہوجائیں گے۔

آزادکشمیر حکومت آزادکشمیر کے عوام کے مسائل حل کرانے کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے اور اس سلسلہ میں وفاقی حکومت نے تمام وسائل کو حل کرنے کی یادہانی کرائی ہے اس سلسلہ میں گزشتہ ہفتے وزیراعظم پاکستان ، وزیر امور کشمیر ،وفاقی وزیر برائے پانی وبجلی ،وفاقی وزیر خزانہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوچکی ہیں ان ملاقاتوں میں ہونے والے فیصلوں پر دونوں حکومتوں کے درمیان مزید بیوروکریسی کے سطح پر بھی اجلاس ہوچکے ہیں۔

ان اجلاسوں میں اتفاق رائے والے امور پر وزیراعظم پاکستان نواز شریف اپنے دورہ آزادکشمیر کے موقع پر حتمی احکامات جاری کریں گے ۔وزیراعظم پاکستان کے ساتھ ان کے دورہ آزادکشمیر کے دوران متعلقہ وفاقی وزراء اور سیکرٹریز بھی موجود ہوں گے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ،ٹیرف ،واٹر یوزج چارجز سمیت تمام امور پر عملی اقدامات ہوں گے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ عوام کو سہولت پہنچانے ،ریاست کے مالی وسائل میں اضافہ کرنے اور میگا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے مسائل کے حل کے لیے حکومت اور اپوزیشن دونوں کومل کر جدوجہد جاری رکھنا ہوگی تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اہل کشمیر پاکستان کو اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں ۔

پاکستان میں موجودہ دہشت گردی کے واقعات کے خلاف پوری قوم و سیاسی قوتیں متحد ہوگئی ہیں ۔دہشت گردی کا خاتمہ کر کے ہی ملک میں امن کا قیام ممکن ہے۔انھوں نے کہا کہ پاک فوج کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن میں پوری قوم کی طرح کشمیر ی قوم بھی پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہے اور ہم کسی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔