اسٹیٹ بینک نے جے ایس بینک کو کے اے ایس بی بینک کے اثاثوں کی جانچ پڑتال کی اجازت دے دی

بدھ 24 دسمبر 2014 16:31

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جے ایس بینک کو بھی کے اے ایس بی بینک کے اثاثوں کی جانچ پڑتال کی اجازت دے دی ہے۔ کے اے ایس بی بینک کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے جے ایس نے مرکزی بینک سے اثاثوں کی مالیت جانچنے کی اجازت طلب کی تھی۔ مرکزی بینک نے تمام قوانین کو مد نظر رکھتے ہوئے اس سلسلے میں جے ایس کو اثاثوں کی چھان بین کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

اس سے قبل عسکری اور سندھ بینک بھی کے اے ایس بی بینک کے اثاثوں کی جانچ پڑتال کیلئے اجازت حاصل کرچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

مرکزی بینک کے مطابق کے اے ایس بی بینک بند نہیں ہوا ہے۔ اس وقت دو بینک کے اے ایس بی بینک کی خریداری کے لیے دلچسپی رکھتے ہیں۔ تیسرے بینک نے بھی خریداری کے لیے درخواست جمع کروادی ہے جبکہ مزید دو سے تین بینک بھی اس ضمن میں بات چیت کے مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ کے اے ایس بی بینک کے تین لاکھ سے زائد کے کھاتے داروں کی رقم کا معاملہ چھ ماہ سے قبل حل کرلیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے اے ایس بی بینک کی مالی مشکلات کو دیکھتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کے اے ایس بی بینک پر 6 ماہ کی پابندی عائد کرتے ہوئے اس کا انتظامی معاملات مرکزی بینک نے سنبھال لیئے تھے۔