کراچی،KCCAپریذیڈنٹ کپ‘کہف پٹیل کی عمدہ بولنگ ‘ جوہر آباد فتح سے ہمکنار

بدھ 24 دسمبر 2014 16:26

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء) کہف پٹیل نے 2رنز پر 7حریف بلے بازوں کو میدان بدر کرکے جوہرآباد سی سی کو تاج اسپورٹس پر 7وکٹوں سے فتح دلا کرکے سی سی اے پریذیڈنٹ کپ کے اگلے مرحلے میں جگہ دلادی۔ پاک اسٹالن نے ماڈرن جیم خانہ کیخلاف 8وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جبکہ راوی جیم خانہ نے سخت مقابلے کے بعد شارک سی سی کو 2وکٹوں سے ٹھکانے لگایا۔

ٹی ایم سی گراوٴنڈ گلبرگ پر تاج اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کی اور کہف پٹیل کی جارحانہ بولنگ کے مقابل 18اوورز میں 75رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ فواد وقاص 31رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کرتے نظر آئے۔ کہف پٹیل نے 5اوورز میں 3اوورزمیڈن کرائے اور2رنز کے عوض 7حریف بلے بازوں کو پویلین واپسی کا ٹکٹ تھمایا۔ جوابی بیٹنگ کے دوران جوہر آباد سی سی نے مطلوبہ ہدف باآسانی 12ویں اوورز میں 3وکٹوں پرحاصل کرلیا ۔

(جاری ہے)

ماجد خان 27رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔لانڈھی جیم خانہ گراوٴنڈ پر ماڈرن جیم خانہ نے پاک اسٹالن کیخلاف پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور 40اوورز میں 189رنز پر ان کی اننگز کا اختتام ہوا۔ ذاکر خان 40اورساجد علی 37رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ اشعر قریشی کو 39رنز پر 3وکٹ ملے۔پاک اسٹالن کو مطلوبہ ہدف کے حصول کیلئے 3وکٹوں کی قربانی دینا پڑی اور 34.1اوورز میں کامیابی نے ان کے قدم چومے۔

فیاض احمد نے 12چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 85رنز کی شاندار باری کھیلی جبکہ حسن علی نے 32رنز اسکور کئے۔کے سی سی اے گراوٴنڈ پر راوی جیم خانہ کو شارک سی سی پر 2گیند قبل فتح حاصل ہوئی جب مطلوبہ ہدف کو 7وکٹوں پر حاصل کرلیا گیا۔ شہر یار بٹ نے 63رنز میں 2چوکے اور2چھکے لگائے۔ یوسف خان نے 7چوکوں کی مددسے 47رنز ، تصدق شیروانی 28اورعباس خان نے 27رنز سمیٹے۔

طاہر محمود اور اقبال امام نے 2,2وکٹیں باہم تقسیم کیں۔ قبل ازیں شارک سی سی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 45اوورز میں 9وکٹوں پر 221رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر لگایا۔زاہد امام 2رنز کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے۔اقبال امام نے 35اور طاہر محمود نے 20رنز کی باری کھیلی۔عباس خان نے 36رنز کے عوض 4اورشیرپاوٴ نے 52رنز دے کر 3مہرے کھسکائے۔

متعلقہ عنوان :