پاک پی ڈبلیو ڈی ہاؤسنگ سکیم کے مکینوں کو درپیش مسائل حل کئے جائیں

انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے مکین گوناں گوں مسائل سے دو چار ہیں ، رجسٹرارکو آپریٹو سوسائٹیز سے مطالبہ

بدھ 24 دسمبر 2014 16:17

راولپنڈی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء ) پاک پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سکیم کے مکینوں نے سوسائٹی میں صحت و صفائی کی ناگفتہ بیہ صورتحال ، پینے کے پانی کی شدید قلت اور انفراسٹرکچر کی زبوں حالی پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کی نااہلی پر کڑی نکتہ چینی کی ہے ۔ مکینوں نے ایک عرضداشت میں مکینوں کو درپیش مسائل کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے رجسٹرار کو آپریٹو سوسائٹیز سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے عرضداشت میں کہا گیا ہے کہ اس وقت سوسائٹی کا کوئی پرسان حال نہیں ہے سوسائٹی کے عہدیداران اور ممبران عوام کی پریشانیوں کا ازالہ کرنے کی بجائے آپس میں رسہ کشی میں مصرو ف ہیں پندرہ جنوری 2014ء کو وجود میں آنے والی سوسائٹی کی نئی انتظامیہ عوام کا مینڈیٹ لیے بغیر نامزدگیوں کے ذریعے انتظامی امور انجام دے رہی ہے ایک سال گزرنے کے باوجود پینے کیلئے پانی کی فراہمی کے لئے کوئی مثبت اور ٹھوس پیش رفت نہیں ہوسکی ہے پانی کا ٹینکر جو تین سو روپے میں مل رہا تھا جو پانچ سو روپے کردیا گیا ہے اب جبکہ پٹرول اورڈیزل کی قیمتیں کم ہوچکی ہیں لیکن سوسائٹی نے ٹینکر کی قیمت میں کوئی کمی نہیں کی ہے پوری سوسائٹی میں بہم رسانی آب کا نظام اشک شوئی کے مترادف ہے ایک دن چھوڑ کر دوسرے دن گھنٹے آدھے گھنٹے کے لیے پانی فراہم کیاجاتا ہے جس سے بمشکل گھریلو کام انجام دیئے جاسکتے ہیں سڑکوں اور صفائی کا انتہائی برا حال ہے تمام سڑکیں ٹھوٹ پھوٹ کاشکار ہیں اور نالیاں غلاظت سے اٹی پڑی ہیں باران رحمت کے نتیجے میں کوڑاکرکٹ بہہ جائے تو صفائی کا نظام ٹھیک دکھائی دیتا ہے ۔

(جاری ہے)

سوسائٹی کے خالی پلاٹ کتوں کی آماجگاہ اور گندگی کے ڈھیروں سے اٹی پڑی ہیں گھاس پھوس اور جھاڑیوں نے سوسائٹی کو جنگل بنا رکھا ہے سڑکوں پر روشنی اور سکیورٹی کا انتظام برائے نام ہی ہے سوسائٹی کا کوئی بھی نمائندہ کبھی باہر نگرانی پر نہیں دکھائی دیتا عملہ خالی پلاٹوں میں بیٹھ کر وقت گزاری کرتا ہے اور پلاٹ سیل کرنے کیلئے نئے گاہکوں کی تلاش میں لگے رہتے ہیں ۔

سڑکیں سوسائٹی کے قیام کے وقت ڈالی جانے والی بجری کے بعد سے پختہ نہیں کی گئی جگہ جگہ گڑھے انتظامیہ کی نااہلی کا منہ چڑھاتے ہیں ۔ خاکروب محض خانہ پری کرکے گندگی نالیوں میں یا سڑکوں کے کنارے چھوڑ جاتے ہیں عرضداشت میں ر جسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ سوسائٹی کا آڈٹ بہت ضروری ہے اور کارکردگی کا جائزہ لیا جائے کوئی ایماندار اور فرض شناس ایڈمنسٹریٹر مقرر کے صورتحال کی اصلاح کی جائے اور جملہ مسائل کے حل کی طرف بھرپور توجہ دی جائے