کوئٹہ ، ہنہ اوڑک میں غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ، کاروبار زندگی عملی طور پر مفلوج

بدھ 24 دسمبر 2014 16:16

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء) کوئٹہ کے گنجان آباد علاقے ہنہ اوڑک میں غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ نے کاروبار زندگی عملی طور پر مفلوج کردی 24گھنٹوں میں بجلی صرف 5گھنٹے آتی ہے شدیدسردی میں عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے تفصیلات کے مطابق ہنہ اوڑک اور گردنواح میں طویل برقی بندش کے باعث اہلیان علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور کاروبار زندگی عملی طور پر مفلوج ہوکر رہ گئی ہے علاقے کے معتبررہنماء ملک اللہ داد خان کاکڑ،محمد عظیم خان ،دل آرام خان عرف لالک،امان اللہ کاکڑاور شیر محمد شموزئی نے بتایا کہ لوڈشیڈنگ کے کوئی اوقات کار مقرر نہیں اور کئی کئی گھٹنے تک بجلی بند رہتی ہے انہوں نے کہا کہ ہنہ اوڑک کا علاقہ پورے صوبے اور ملک کے عوام کے لیے صحت مندانہ پرتفریح مقام ہے تاہم اس علاقے کے عوام کے ساتھ بجلی کی ترسیل کمپنی نے انتہائی ناروا سلوک روا رکھا ہوا ہے اور بجلی نہ ہونے کے برابر ہے اور24گھنٹوں میں بجلی صرف 5گھنٹے آتی ہے برقی لوڈشیڈنگ کے غیر اعلانیہ شیڈول کے باعث پورے علاقے میں عام عوام سمیت ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو شدید مشکلات ہیں اس موقع پر ملک اللہ داد خان کاکڑ کا کہنا تھا کہ علاقے میں جب کوئی اعلیٰ حکام اس تفریح مقام پرتشریف لاتے ہیں تو اس دن بجلی نہیں جاتی جونہی ارباب اختیار علاقے سے پکنک سے واپس اپنے محلوں میں چلے جاتے ہیں تو بجلی کی آنکھ مچولی واپس شروع ہوجاتی ہے جس سے اس سخت سردی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ہنہ اوڑک میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش ختم کی جائے بصورت دیگر اہلیان علاقہ کیسکو کے خلاف سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔