لاہور ہائیکورٹ کا پانچوں دہشتگردوں کی سزائے موت برقرار رکھنے کا حکم

بدھ 24 دسمبر 2014 15:54

لاہور ہائیکورٹ کا پانچوں دہشتگردوں کی سزائے موت برقرار رکھنے کا حکم

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے دہشت گردوں کی سزائے موت روکنے کے خلاف وفاق کی اپیل منظور کرلی ، بنچ نے پانچوں دہشت گردوں کو سزائے موت دینے کا حکم بحال رکھا ہے ، دہشت گرد کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس ارشد محمود تبسم نے دہشت گردوں کی سزائے موت روکنے کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیل منظور کرتے ہوئے حکم امتناعی خارج کر دیا ۔

عدالت نے پانچوں دہشت گردوں کو سزائے موت دینے کا حکم بحال رکھا ہے ۔ ملزمان کے وکیل لئیق خان سواتی ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ معلوم نہیں کہ ملزمان کو کس جرم میں سزا دی گئی ہے ۔ ملزمان کو اپیل کا حق بھی نہیں دیا گیا جبکہ وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی نے اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف 21 دسمبر 2013ء کو مقدمہ درج ہوا ۔

(جاری ہے)

12 فروری 2014ء کو ملزمان کو سزا ہوئی ۔ 10 جون 2014ء کو ملزمان کی سزا کے خلاف اپیلیں خارج ہوئیں ، ملزمان کو اپیل کا پورا حق دیا گیا ہے ۔ ملزمان کی اپیلیں فوجی عدالت سے خارج ہو چکی ہیں ، ملزمان نے جہلم چناب پل پر 7 فوجی افسروں کو قتل کیا ۔ عدالت سے استدعا ہے کہ حکم امتناعی خارج کیا جائے تاکہ پھانسی پر عمل درآمد ہو سکے ، عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنا دیا۔

متعلقہ عنوان :