شام میں تین ماہ میں 1 ہزار داعش کے جنگجو ہلاک ہوئے ، رپورٹ

بدھ 24 دسمبر 2014 15:54

بیروت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء) شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والی ”آبزرویٹری“ نے ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ گذشتہ تین ماہ کے دوران عالمی اتحادی فوج کے شام میں جاری حملوں میں دولت اسلامی 'داعش' کے ایک ہزار جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے نے آبزویٹری کی رپورٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ پچھلے تین ماہ کے دوران شام میں اتحادی طیاروں کی بمباری میں جنگجوؤں کی ہلاکتوں کے 1171 شواہد ملے ہیں۔

ان شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ امریکا کی قیادت میں 'داعش' کے خلاف جاری فضائی آپریشن میں شام میں ایک ہزار 46 داعشی جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں۔ مرنے والوں میں بیشتر کا تعلق دوسرے ملکوں سے ہے۔امریکا کے فضائی حملوں میں النصرہ فرنٹ کے 72 اور 52 عام شہری بھی مارے گئے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ امریکا کی قیادت میں 23 ستمبر کو شام میں داعش کے ٹھکانوں پر پہلا حملہ کیا۔

ڈیڑھ ماہ تک امریکی طیارے ہی داعش کے خلاف فضائی حملے کرتے رہے تاہم بعد ازاں کئی عرب اور مغربی ممالک بھی فضائی آپریشن میں شامل ہو گئے ہیں۔اسی سال نومبر کے مہینے میں شامی وزیر خارجہ ولید المعلم نے امریکی اتحادیوں کے شام میں داعش کے خلاف ہونے والے فضائی حملوں کو بے سود قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان حملوں کا مقصد شامی حکومت کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔

متعلقہ عنوان :