جشن عید میلاد النبیﷺ عاشقان رسول کیلئے سب سے بڑی عید ہے۔پاکستان مشائخ وعلماء کونسل کے مرکزی چےئرمین پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی القادری

بدھ 24 دسمبر 2014 14:44

نارووال( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء) پاکستان مشائخ وعلماء کونسل کے مرکزی چےئرمین پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی القادری نے کہا ہے کہ جشن عید میلاد النبیﷺ عاشقان رسول کیلئے سب سے بڑی عید ہے۔آپﷺ کا میلاد سب سے پہلے عرش معلی پر منایا گیا اور خالق کائنات نے آپﷺ کے ذکر کو خود پسند کرتے ہوئے اس قدر بلند فرمایا ہے کہ اے محبوبﷺ آپ کی ہر آنے والی گھڑی پہلے سے بہتر ہوگی۔

محافل میلاد النبیﷺ کے انعقاد سے دلوں کو چین وسکون اور تقویت ملتی ہے اور آپﷺ کی محبت و عقیدت ہی مومن کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکریٹریٹ آستانہ عالیہ غوثیہ قادریہ میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں ایک اہم تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات ملک مظہر حسین اعوان،علامہ توقیر الحسن اشرفی القادری،صوفی محمدعارف بٹ نقشبندی ،حافظ محمد زاہد قادری ،محمد عثمان قادری،حافظ محمد علی قادری،حافظ محمد اشفاق قادری ودیگر بھی موجود تھے۔

پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی نے کہا کہ پاکستان مشائخ وعلماء کونسل جشن عید میلاد النبیﷺ نہایت عقیدت و احترام اور سانحہ پشاور کی وجہ سے سادگی سے منائے گی اس سلسلہ میں منعقدہ تمام محافل میں شہداء آرمی پبلک سکول پشاور اور ضرب عضب آپریشن کی ارواح کیلئے خصوصی قرآن خوانی اور دعا ئیں مانگی جائینگی۔مرکزی ممبر مجلس شوریٰ پیر سید فدا حسین شاہ زنجانی نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ تمام جہانوں کیلئے باعث رحمت بن کرتشریف لائے اور آپ ﷺ کی آمد سے دکھی انسانیت نے سکھ کا سانس لیا ایک دوسرے کے خون کے پیاسے آپس میں بھائی بھائی بن گئے اور دنیا میں علم و حکمت کا نورپھیلا۔

پیر حافظ محمد اشرف نقشبندی نے کہا کہ جشن عید میلاد النبیﷺ اس نعمت کا شکر ادا کرنا ہے جو خالق کائنات نے ہم پر کیا اور اپنے پیارے محبوب ﷺ کو دنیا میں بھیج کر کفر و شرک کا خاتمہ کیا ۔اجلاس میں مرکزی پروگراموں کو حتمی شکل دی گئی جس کے مطابق 10ربیع الاول شریف 2جنوری بعد نماز مغرب کوٹلی پلاٹ تا جسڑ بائی پاس تک مشعل بردار جلوس اور 3جنوری بعد نماز عشاء مرکزی سیکریٹریٹ میں سالانہ جشن آمد رسولﷺ کانفرنس جبکہ 12ربیع الاول شریف 4جنوری صبح9بجے عیدمیلاد النبیﷺ کا جلوس کوٹلی پلاٹ تا دربار حضرت پیر سید جعفر شاہ ولی کوٹلی باجوہ اور گردونواح کے تمام جلوسوں کا استقبال و لنگر شریف اور دربار شریف پر ہی دن11بجے محفل ذکرمیلاد حبیبﷺ منعقد ہوگی جبکہ دن ایک بجے تمام جلوس نارووال کے مرکزی قدیمی جلوس میں شامل ہوجائینگے۔

اجلاس میں تمام ترانتظامات کا جائزہ لیا گیا اور انھیں تسلی بخش قرار دیا گیا اور سسکیورٹی کیلئے ینگ ونگ کے نوجوانوں کی لسٹ کو فائنل کیاگیا ۔علاوہ ازیں اس موقع پر ضلعی انتظامیہ سے بھی پرزور اپیل کی گئی کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر تمام محافل میلاد النبیﷺ کے ساتھ ساتھ عید میلاد النبیﷺ کے جلوسوں کوبھی مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :