ہمیں اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کیلئے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنا ہونا ہوگا‘طاہر کھوکھر

بدھ 24 دسمبر 2014 14:09

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ‘ جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہرکھوکھرنے کہا ہے کہ اس وقت دہشت گردی ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ‘ ہمیں اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کیلئے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑنا ہونا ہوگا ورنہ تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی ‘ مذہب ‘ فرقہ پرستی اور بیرونی اشاروں پر دہشت گردی کرنے والے اسلام‘ ملک اور انسانیت دشمن اور کسی رعائیت کے مستحق نہیں‘ پوری قوم ان کے خلاف متحد ہوچکی ہے اب حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کام ہے کہ ان مٹھی بھر عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائے ‘ ایک عوامی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر نے کہا کہ پشاور میں معصوم بچوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے درندے کسی رعائیت کے مستحق نہیں‘ بچوں کی شہادت پر پوری قوم افسردہ ہے لیکن کچھ ناعاقبت اندیش عناصر اس موڑ پر دوبارہ قوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں ہم سب کو مل کر ان کامقابلہ کرنا ہوگااگر اب بھی ان عناصر کا محاسبہ نہ کیاگیا تو یہ دہشت گرد اسی طرح ہمارے بچوں کو قتل کرتے رہیں گے اور ہمیں پتھر کے دور میں دھکیل دیاجائے گا ‘ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ‘ واہگہ بارڈر اور اب پشاور میں ہونے والی بربریت قوم کبھی نہیں بھول سکتی ‘ حکومت کو چاہیے کہ وہ مذہب‘ نسل سے بالاتر ہو کر ہر شہری کو تحفظ فراہم کرے اور عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہ چھوڑاجائے ۔

(جاری ہے)

طاہر کھوکھر نے کہا کہ ایم کیو ایم اور قائد تحریک الطاف حسین بھائی نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی اور ہر موڑ پر حکومت اور قوم کو طالبانائزیشن کے خطرے سے آگاہ کرتے رہے لیکن کسی نے توجہ نہیں دی ‘ ایم کیو ایم گزشتہ دس سالوں سے دہشت گردوں کے نشانہ پر ہے اور ہمارے سینکڑوں کارکنا ن کو سفاک دہشت گرد شہید کرچکے ہیں لیکن ہم نے اپنی قومی ذمہ داریاں ہمیشہ پوری کیں اور دہشت گردی کیخلاف آواز بلند کرتے رہے انہوں نے کہا کہ مقام افسوس ہے کہ آج بھی بعض نام نہاد سیاسی قائدین دہشت گردوں کا کھلے عام نام لینے سے ڈرتے ہیں اور مسلح فواج کے سربراہ کو قوم کو بتانا پڑتا ہے کہ ہمارا دشمن کون ہے ۔

طاہرکھوکھرنے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ قوم کو واشگاف الفاظ میں بتانا ہوگا کہ ہمارا حقیقی دشمن کون ہے ہمیں بیرونی سے زیادہ اندرونی دشمنوں سے خطر ہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے اور کارکن ملک و قوم کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے -

متعلقہ عنوان :