کامونکے‘نامعلوم افراد نے روشندان کے ذریعے آتش گیر مادہ پھینک کر دکان کو آگ لگا دی

بدھ 24 دسمبر 2014 12:48

کامونکے(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء)نامعلوم افراد نے روشندان کے ذریعے آتش گیر مادہ پھینک کر دکان کو آگ لگا دی،لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا،بتایا گیا ہے کہ نواحی گاؤں چک لکھیا خورد کے رہائشی عبدالستار نے ریل بازار کامونکے میں فریج،اے سی کے سپیئر پارٹس کی دکان بنا رکھی ہے گزشتہ رات ڈھائی بجے کے قریب دکان میں شدید آگ بھڑک اٹھی جس نے دکان میں پڑے ہوئے سامان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،آگ سے سات لاکھ روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا،عبدالستار نے آگ لگانے کے الزام میں نامعلوم افراد کیخلاف تھانہ سٹی پولیس کو درخواست دے دی ، پولیس نے کاروائی شروع کردی ہے۔