آل راؤنڈر تینوں شعبوں میں اپنی منفرد پہچان بنائی‘گلوکارہ اگیشوری

بدھ 24 دسمبر 2014 11:35

آل راؤنڈر تینوں شعبوں میں اپنی منفرد پہچان بنائی‘گلوکارہ اگیشوری

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء) معروف اداکارہ و گلوکارہ راگیشوری نے کہا ہے کہ بھارت میں ایکٹنگ اور گلوکاری کے علاوہ فیشن انڈسٹری کے لیے بہت کام کیا ہے۔میں نے اپنے کیرئیر کے دوران بطور آل راوٴنڈر تینوں شعبوں میں معیاری کام کرتے ہوئے اپنی منفرد پہچان بنائی اوریہی وجہ ہے کہ حال ہی میں ناروے میں ”نوبل پیس پرائز“ کے میوزک کنسرٹ میں پرفارم کرنے کے لیے مجھے بھارت سے مدعو کیا گیا جس پربے حد خوش ہوں ۔

جہاں تک بات پاکستان میں پرفارم کرنے کی ہے تووہاں پرزندگی کے یادگار لمحات بتائے۔ ان خیالات کا اظہار راگیشوری نے لندن میں ایک انٹرویو کیا۔ انھوں نے کہا کہ جب میں نے بالی ووڈ میں قدم رکھا تواس وقت بننے والی بڑی کاسٹ کی فلموں میں اہم کرداروں میں مجھے سائن کیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب میوزک تومیری رگ رگ میں تھا ، اس لیے اس کوبھی ساتھ ساتھ جاری رکھا۔

جہاں بالی ووڈ فلموں میں اہم کردار ادا کیے، وہیں میرے گیت بھارتی چینلز کے میوزک چینلز چارٹ کے علاوہ مغربی ممالک کے میوزک چارٹس پر بھی بہت سراہے گئے۔ میں نے بطور گلوکارہ ہندی زبان کے علاوہ انگریزی زبان میں بھی گیت گائے جو آج بھی بے حد مقبول ہے۔ اس کے علاوہ فیشن انڈسٹری میں بطورماڈل بہت سے کمرشل کیے جب کہ ملبوسات سمیت جیولری کے مختلف برانڈز کے لیے فوٹوشوٹ بھی کروائے۔

اس فنی سفرمیں میری فیملی نے بہت سپورٹ کیا اور ان کی بدولت ہی آج اس مقام پرہوں۔انھوں نے کہا کہ مجھے فلموں میں اہم کرداروں کی پیشکش ہوتی رہتی ہے لیکن اب میرا تمام ترفوکس اپنے میوزک پرہے۔ میوزک کنسرٹس کے لیے بھارت کے علاوہ یورپ، کینیڈا، امریکا اورمڈل ایسٹ سمیت دیگر ممالک میں منعقدہ پروگراموں میں پرفارم کرتی رہتی ہوں۔ حال ہی میں نوبل پیس پرائز کنسرٹ میں پرفارم کیااوراب برطانیہ میں پرفارم کرنے کے لیے آئی ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں راگیشوری نے بتایا کہ پاکستان میں مختصر دورہ کے لیے آئی تھی لیکن یہ لمحات کبھی نہیں بھلا سکتی۔ پاکستان میں جس طرح سے خوش آمدید کہا گیا اور پھرمہمان نوازی کی گئی اس کو کبھی نہیں بھلا سکوں گی۔ میں نے اپنی فیملی کے علاوہ قریبی دوستوں کو بھی پاکستان میں گزرے دنوں کے بارے میں بتایا توسب حیران ہوئے۔ اب اگر موقع ملا تو اپنی فیملی کے ہمراہ پاکستان آوٴں گی اور یہاں قیام کے دوران تاریخی مقامات کی سیر کے ساتھ ساتھ لذیز پکوان کھاوٴں گی اور خوب شاپنگ بھی کروں گی۔