کبڈی کی بین الاقوامی تنظیم نے ہندوستان کو عالمی چیمپئن تسلیم کرنے سے انکار کردیا،

قوانین کے مطابق اس طرح کے مقابلوں میں نیوٹرل امپائر فرائض سرانجام دیتے ہیں ، بھارت میں ایسا نہیں کیا گیا ، انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن

منگل 23 دسمبر 2014 23:27

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) کبڈی کی بین الاقوامی تنظیم نے ہندوستان کو عالمی چیمپئن تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ہفتے کو کھیلا جانے والا فائنل میچ امپائز کے ہندوستان کے حق میں بعض فیصلوں کی وجہ سے متنازع ہو گیا تھا۔فائنل مقابلے میں پاکستانی کھلاڑی میچ کے دوران چھائے رہے تاہم امپائرز کے کچھ متنازع فیصلوں کی وجہ سے چوتھے کوارٹر میں ہندوستانی ٹیم نے جیسے ہی سبقت حاصل کی تو امپائز نے میچ وہیں ختم کر دیا۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان احمدشفیق چشتی نے میچ کے بعد الزام عائد کیا کہ ان کے ساتھ اس میچ انتظامیہ اور ریفری نے ناانصافی کی اور دھمکیاں دیں۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اگر بھارت ورلڈ کپ منعقد کرتا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ یہ کپ اپنے ہی ملک میں رکھ کر بیٹھ جائے۔

(جاری ہے)

پاکستانی کپتان نے دھمکی دی کہ اگر بھارت نے انصافیوں کا یہ سلسلہ برقرار رکھا تو پاکستانی ٹیم آئندہ اس ایونٹ میں شرکت نہیں کرے گی۔

انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کے سی ای او دیوراج چترویدی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوانین کے مطابق اس طرح کے مقابلوں میں نیوٹرل امپائر استعمال ہوتے ہیں تاہم انہیں یہاں استعمال نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ بھار ت میں منعقد ہوا اور اس میں متعدد ٹیموں نے حصہ لیا تاہم اسے ورلڈ کپ قرار نہیں دیا جاسکتا۔عالمی تنظیم کے رہنما نے بھارت میں ہونے والے ٹورنامنٹ کو بھی غیرقانونی قرار دیا اور کہا کہ ٹورنامنٹ قوانین کے خلاف ورزی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :