کراچی ،سندھ ہائی کورٹ نے صوبے بھر میں کے ہپاٹائٹس مراکز کی معلومات سے متعلق سیشن ججز، ایڈیشنل ججز سمیت ڈی جی اور سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی

منگل 23 دسمبر 2014 22:58

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس احمد علی شیخ کی عدالت نے صوبے بھر میں کے ہپاٹائٹس مراکز کی معلومات سے متعلق سیشن ججز، ایڈیشنل ججز سمیت ڈی جی صحت اور سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ منگل کو دوران سماعت ایڈووکیٹ ضیاء اعوان نے موقف اختیار کیا تھا کہ سندھ بھر میں ہاپیٹاٹئس سینٹر میں ادویات موجود نہیں ہیں بلکہ تمام ادویات پنجاب کے میڈیکل اسٹور پر بک رہی ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ تھر میں بھی ہپاٹائٹس کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے تاہم حکومت وقت کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے، دوران سماعت عدالت نے سیکریٹری صحت سے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ سندھ کے اسپتالوں کی ادویات پنجاب کے میڈیکل اسٹور زپر فروخت ہورہی ہیں آپ لوگ خاموش ہیں اور صرف تقرریوں اور ترقیوں میں مصروف ہیں، کتنی کرپشن ہورہی ہے، آپ کو معلوم ہے ؟عدالت نے سیکریٹری صحت سے استفسار کیا کہ آپ کو معلوم ہے کہ کل تھر میں کتنی اموات ہوئی ہیں جس پر عدالت کو جواب دیا کہ5اموات ہوئی ہیں جس پر عدالت نے کہا کہ درست معلومات رکھیں کل تھر میں7 اموات ہوئی ہیں آپ ٹائی اور سوٹ پہن کر یہاں کھڑے ہیں کیا تھر والے انسان نہیں ہیں آپ بھی انسان ہیں اور وہ بھی، خدا کا خوف کریں ۔

(جاری ہے)

عدالت نے صوبے بھر کے تمام سیشن ججز ایڈیشنل ججز سے صوبے بھر کے تمام ہپاٹائٹس کے مراکز سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔عدالت نے ڈی جی صحت اور سیکیرٹری صحت کو بھی بدھ کو طلب کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :