مسلم لیگ یوتھ ونگ سانحہ پشاور کی وجہ سے یوم قائداعظم سادگی سے منائے گی،سید بلال مصطفی شیرازی

منگل 23 دسمبر 2014 22:32

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ یوتھ ونگ سانحہ پشاور کی وجہ سے یوم قائداعظم سادگی سے منائے گی ۔ تمام اضلاع میں مسلم لیگ یوتھ ونگ کے زیر اہتمام سیمنارز منعقدہونگے اور نوجوان نسل کو قائداعظم کے فرمودات سے آگاہ کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے اور ہم بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے نظریات کے وارث ہیں اس حوالہ سے ہم یوتھ ونگ کے پلیٹ فارم سے قائداعظم کے نظریات اور ان کے زریں اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہوکرملک کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں یوتھ ونگ کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سید بلال شیرازی نے کہا کہ مسلم لیگ قائداعظم ہی پاکستان کی حقیقی وارث جماعت ہیں اور ہم چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی کی قیادت میں پاکستان کو مستحکم اور منظم کریں گے ۔مزید براں سید بلال شیرازی نے تمام صوبائی اور ضلعی تنظیموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مسلم لیگ یوتھ ونگ یوم قائداعظم کو سانحہ پشاور آرمی پبلک سکول کی وجہ سے سادگی سے منائیں ،شہدائے پشاور آرمی پبلک سکول کیلئے دعائیہ تقریبات منعقد کی جائیں اس حوالہ سے تمام عہدیداران و کارکنان اپنے اپنے ہیڈکوارٹرز میں یوم قائداعظم کے موقع پر سیمینارز کا انعقاد کریں اور نوجوان نسل کو قائداعظم کے افکار اور کارناموں سے روشناس کروائیں۔

متعلقہ عنوان :