جشن آمد رسول ﷺ باعث رحمت و ذریعہ نجات ہیں ، مفتی وسیم ضیائی،

برکاتی فاؤنڈیشن کے تحت استقبال ربیع الاول کے اجتماع سے مولانا علیم قادری ، قاری انور ہجویری و دیگر کا خطاب

منگل 23 دسمبر 2014 21:23

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) سرکار دو عالم ﷺ کا جشن ولادت زمین پر ہی نہیں بلکہ آسمانوں پر فرشتے بھی مناتے ہیں محسن انسانیت کی آمد تھی کہ زمین پر انسانیت جگمگا اٹھی اور ہر طرف امن و انصاف حق و سچ کا بول بالا ہوا اور اسلام نے دیگر مذاہب پر ایسی سبقت حاصل کی جو تا قیامت قائم رہے گی اور وہ لوگ خوش نصیب ہیں جو لوگ سرور دو عالم کا جشن ولادت مناتے ہیں اور اسکے فیوض و برکات سے مستفیض ہوتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار برکاتی فاؤنڈیشن کے مرکزی ناظم اعلیٰ رونق اہلسنت مفتی وسیم ضیائی نے اورنگی ٹاؤن میں استقبال ربیع الا ول کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا میلاد النبی ﷺ امن کا پیغام ہے نبی کے دامن رحمت سے وابستہ ہو کر ظلم و بربریت اور دہشت گردی سے چھٹکارا ممکن ہے اور مذاہب عالم میں صرف اسلام ہی پائیداد امن کی ٹھوس بنیادیں فراہم کرتا ہے جسکی اہم وجہ پیغمبر اسلام کا پیغام محبت انسانوں کے مابین زبردست جذبہ اخوت و ایثار پیدا کرتا ہے آپ کا ذکر بھٹکی ہوئی انسانیت کیلئے پیغام ہدایت ہے اجتماع سے ضلعی رہنماء مولانا عبدالعلیم قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ماہ مبار ک میں دکھی انسانیت کو باطل نظاموں کے ظلم و بربریت کی گھٹا ٹوپ اندھیروں سے آزاد کرا کر نظام مصطفےٰ کو زمین کا مقدر بنانے کی جدوجہد کا عہد کیا جائے ۔

(جاری ہے)

اجتماع سے برکاتی فاؤنڈیشن کے مرکزی رابطہ سیکریٹری قاری انور ہجویری نے خطاب کرتے ہوئے کہا جشن عید میلاد النبی ﷺ منانا قرآن سے ثابت ہے اور ربیع الا ول کے مقدس مہینے میں نفرتوں کو الوداع اور محبتوں کی ابتداء کا عزم مصمم کیا جائے اور دہشت گردی ظلم و بربریت کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جانا چاہیے ۔ اجتماع میں مولانا اقبال قادری، مولانا اظہر قادری، راجہ ظہور احمد ، عمران احمد برکاتی ،محمد رضوان اور دیگر بھی موجود ہیں۔