چکوال میں جے یو آئی (ف) کے انتخابات، مولانا عطاء الرحمن قاسمی ضلعی امیر منتخب

منگل 23 دسمبر 2014 21:06

چکوال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) چکوال میں جے یو آئی (ف) کے انتخابات، مولانا عطاء الرحمن قاسمی ضلعی امیر اور حافظ عبد القدیر جنرل سیکرٹری منتخب۔ اُمیدواروں کا انتخاب سیکرٹری جنرل جمعیت علماء اسلام (ف) صوبہ پنجاب مفتی مظہر شاہ اسعدی کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اس موقع پر مفتی مظہر شاہ اسعدی نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے حکومتی پالیسیوں کی حمایت کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو پھانسی کی سزائیں دینے کا فیصلہ بہت پہلے کیا جانا چاہیے تھا فیصلہ میں تاخیر ہوئی تو قوم کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑا اور سینکڑوں معصوم بچے شہید کر دئیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ملک میں امن کیلئے حکومتی پالیسیوں کی حمایت کرتی ہے۔ اس موقع پر نومنتخب ضلعی امیر مولانا عطاء الرحمن قاسمی اور جنرل سیکرٹری حافظ عبد القدیر نے کہا کہ جے یو آئی (ف) کو پورے ملک کی طرح چکوال میں بھی مضبوط کیا جائیگا اور ملک میں پُرامن طریقے سے اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے