ماہ میلاد کا آغاز پوری مسلم دنیا کیلئے خوشی اور مسرت کا احساس لے کر آتا ہے‘ ڈاکٹر طاہر القادری ،

ذا محافل میلاد اور دعائیہ تقاریب میں سانحہ پشاور کے شہداء اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں ‘ پیغام

منگل 23 دسمبر 2014 20:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ماہ ربیع الاول شریف کے آغاز پر مسلم امہ کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میلاد کے مبارک ماہ کا آغاز پوری مسلم دنیا کیلئے خوشی اور مسرت کا احساس لے کر آتا ہے ۔اس مبارک مہینے کی خوشیوں کے آگے ہماری ذاتی اور اجتماعی خوشیاں ہیچ ہیں۔ میلاد کا سب سے بڑا پیغام محبت،امن اور سلامتی ہے ۔

پاکستان عوامی تحریک ،تحریک منہاج القرآن کے وابستگان اور کارکنان پوری دنیا میں محافل میلاد کا انعقاد کر کے دنیا کو امن ،سلامتی ،محبت،برداشت اور احترام انسانیت کا پیغام دیں۔انہوں نے کہا کہ محافل میلاد اور دعائیہ تقاریب میں سانحہ پشاور کے شہداء اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں، حضور ﷺ کی ولادت سے بڑھ کر کائنات میں کوئی خوشی نہیں ،ذات مصطفی ﷺ سے کمزور پڑنے والے تعلق کو بحال اور مضبوط کرنے کیلئے ماہ میلا د بہترین مہینہ ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دنیا بھر میں آقا ﷺ کے میلاد کی دھوم مچانا ہر امتی کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ آقا ﷺکی ذات سے محبت تعلیمات مصطفی ﷺ پر عمل کرنے کی تحریک دیتی ہے۔دریں اثنا ماہ ربیع الاول کا چاند نظر آنے پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ،نماز مغرب کے بعد خصوصی نوافل ادا کئے گئے۔ مرکزی سیکرٹریٹ میں موجود افراد نے معانقہ کر کے ایک دوسرے کو ماہ ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :