پاکستان ریلویز کا ضروری اور فوری اہمیت کی تقریباً 5ہزار خالی آسامیوں پر تقرری کافیصلہ ،

سب انجینئرز، گارڈز، اسسٹنٹ ڈرائیورز، اسٹیشن ماسٹرز، گیٹ مین، پوائنٹس مین اور خاکروب کی آسامیاں شامل منظوری کیلئے وزارتِ ریلوے سے درخواست کی جائیگی،ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کی دوروزہ کانفرنس میں فیصلہ

منگل 23 دسمبر 2014 20:22

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) پاکستان ریلویز نے ضروری اور فوری اہمیت کی تقریباً 5ہزار خالی آسامیوں پر تقرری کافیصلہ کر لیا جس کی منظوری کے لیے وزارتِ ریلوے سے درخواست کی جائے گی۔ ان میں سب انجینئرز، گارڈز، اسسٹنٹ ڈرائیورز، اسٹیشن ماسٹرز، گیٹ مین، پوائنٹس مین اور خاکروب کی آسامیاں شامل ہیں۔ یہ فیصلہ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کی دوروزہ کانفرنس میں کیا گیا۔

جنرل منیجر آپریشنز محمد جاوید انور کی زیرصدارت کانفرنس میں ایڈیشنل جنرل منیجرز، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ کانفرنس میں ریلوے کے مختلف شعبوں میں فاضل سٹاف کو حسبِ ضرورت دوسرے شعبوں میں ٹرانسفر کرنے اور اس کے لیے ضروری تربیت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کانفرنس میں پسنجر اور فریٹ سروس سے آمدنی میں اضافے کی تجاویز بھی زیرِ غور آئیں اورطے کیا گیا کہ فریٹ سے آمدنی کا مقررہ ٹارگٹ 6ارب سے بڑھا کر 10ارب روپے تک لے جایا جائے ۔

(جاری ہے)

جنرل منیجر آپریشنز محمد جاوید انور نے کہا کہ فریٹ اور کارگو سے حاصل ہونے والی آمدنی میں اضافہ کے لیے نجی اداروں کا ریلوے پر اعتمادبحال کرنا ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس محنت اور لگن سے کام کریں اور فیلڈ میں بھی نکلیں جس سے کارکنوں میں کام کی لگن بڑھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے میں میرا کوئی رشتہ دار نہیں جو اچھا کام کرے گا اُسے شاباش بھی ضرور ملے گی۔ ہم سب کو مِل کر اپنے مسافروں اور تاجروں کیلئے بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ ریل کا پہیہ چلے گا تو آمدن بڑھے گی اور محکمے کا خسارہ بھی کم ہوگا۔

متعلقہ عنوان :