تجارتی پالیسی میں اصلاحات کے ذریعے شفافیت، استحکام اور کشادگی لائیں گے، آٹو پالیسی جلد ای سی سی کو منظوری کے لیے پیش کردی جائے گی؛وزیر تجارت خرم دستگیر

منگل 23 دسمبر 2014 19:12

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء)وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف کے ویژن کے مطابق تجارتی پالیسی میں اصلاحات کے ذریعے شفافیت، استحکام اور کشادگی لائیں گے۔ملکی آٹو انڈسٹری کے فروغ کے لیے آٹو پالیسی جلد ہی ای سی سی کو منظوری کے لیے پیش کردی جائے گی جس میں وزارت تجارت کی سفارشات شامل ہیں، آٹو پالیسی ملک میں نئی سرمایہ کاری، مینوفیکچرنگ کے فروغ اور صارفین کے لیے سستی گاڑیوں کو یقینی بنائے گی۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے پاکستان میں موجود جاپانی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کے دوران کیا، پاکستان میں متعین جاپان کے سفیر، وزارت صنعت و پیداوار، انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ، ایف بی آر اور وزارت تجارت کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان جاپان سے محض تجارت کا خواہاں نہیں بلکہ جاپان سے جدید ٹیکنالوجی کے ٹرانسفر میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔

اس موقع پر جاپانی سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے آٹو پالیسی اور ٹیکس سے متعلق اپنی سفارشات پیش کیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں شفافیت لائیں گے، ملکی ٹیکس نظام کو سہل بنایا جائے گا تاکہ سرمایہ کاروں کو سہولت میسر ہو۔ اجلاس میں ٹیکس اور آٹو پالیسی سے متعلق 2 ورکنگ گروپ بنائے گئے جو تمام تفصیلات کے جائز ے کے بعد پالیسی میں اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔