دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں مزید تیزی آئے گی،نوازشریف،

پشاور میں بربریت کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا،اجلاس سے خطاب

منگل 23 دسمبر 2014 19:03

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء)وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں مزید تیزی آئے گی اور قوم یقین رکھے کوئی دہشتگرد اب بچ نہیں پائے گا۔منگل کو وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ، اجلاس میں امن و امان اور دہشت گردی کے خلاف جامع اصلاحات کے حوالے سے پالیسی پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی قسم کی تفریق نہیں کی جائے گی۔

پشاور میں بربریت کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔ کوئٹہ اور واہگہ کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو بھی سزا ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ذمہ داری شہریوں کے جان مال کی حفاظت ہے۔ دہشتگردی کی بنیادی وجوہات کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے وزیر اعظم نے قومی سلامتی سے متعلق امور کے سوا اپنی تمام مصروفیات منسوخ کر دیں۔

اجلاس میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قومی ایکشن پلان کی پارلیمانی کمیٹی نے کچھ تجاویز پر اتفاق کر لیا، اجلاس میں ،دہشتگردی کے خاتمے کے لیے فوجی عدالتوں کی تجویز بھی زیر غورآئیں تاہم اس پر اتفاق نہیں ہو سکا ہے اور اس پر بحث جا ری ہے،جبکہ کرمنل جسٹس سسٹم کو موثر اور تیز بنانے ، انٹیلی جنس نظام کو مربوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اکرم درانی کا اجلاس کے بعد کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فوجی عدالتوں کی تجویز آئی، اکثریت نے حمایت کی، جبکہ مدارس کے نصاب اور اصلاحات پر بھی کئی تجاویز سامنے آئی ہیں۔