دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ختم کرکے دم لیں گے،عابد شیر علی،

دہشت گردی کے خاتمے کے مسئلے پر ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اور فوج اکٹھے ہیں ، رحمان ملک جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی کریں بھرپور کارروائی کریں گے، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی کی ملتان میں کھلی کچہری کے انعقاد کے بعد میڈیا سے بات چیت

منگل 23 دسمبر 2014 18:56

دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ختم کرکے دم لیں گے،عابد شیر علی،

ملتان ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کی تمام مذہبی سیاسی و دینی جماعتوں نے مذمت کی ہے اور ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے مسئلے پر ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اور فوج اکٹھے ہیں ہم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ختم کرکے دم لیں گے،رحمان ملک جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی کریں بھرپور کارروائی کریں گے۔

یہ بات انہوں نے منگل کے روز میپکو ہیڈ کوارٹر ملتان میں کھلی کچہری کے انعقاد کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسکالرز قابل احترام ہیں جومحب وطن پاکستانی ہیں اور وہ اپنے اپنے ووٹ بینک میں کہیں بھی موجود ہیں۔ انہوں نے سانحہ پشاور کی تمام سیاسی مذہبی رہنماؤں نے مذمت کی ہے اور وزیراعظم کی آل پارٹیز کانفرنس میں اس مسئلے پر تمام سیاسی مذہبی جماعتوں نے شرکت کی اور ایک موقف اختیار کیا کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا نشانہ بنانے والوں کو ان جماعتوں نے پیغام دیا ہے کہ ہم سب ایک ہیں۔ سانحہ پشاور کے بعد وزیراعظم خود پشاور گئے اور دو دن قیام کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی شہداء کی قربانیان رائیگاں نہیں جائیں گی یہ سیاست کرنے کا وقت نہیں سیاست ہوتی رہے گی ہوتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں اختلاف ہوتے ہیں اور ماضی میں بھی رہے ہیں مگر چند گھنٹوں میں دہشت گردی کے معاملے پر سب ایک ہوگئے انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان سمیت تمام دینی اور سیاسی جماعتیں دہشت گردی کے خلاف صف آرا ہیں یہ پاکستان کی سلامتی کا مسئلہ ہے کسی سیاسی یا دینی جماعت کا مسئلہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملہ سکیورٹی فورسز اور ان کے بچوں پر حملہ کیا گیا ہے تاکہ پاک فوج کا مورال اور نوروس بریک ڈاؤن ہو مگر اس سے نا صرف ملک و قوم کا مورال بڑھا ہے بلکہ پاک فوج کا بھی مورال بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج پاکستان کی اندرونی اور بیرونی سلامتی کی ضامن ہیں اور ملک کو سازشوں سے بچاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے وزیر داخلہ کی ڈیوٹی لگا دی ہے کہ وہ سکیورٹی کے معاملات کو دیکھیں۔

یہ وقت دہشت گردی کو ختم کرنے کا ہے جو ہم ختم کرکے دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نا صرف دہشت گردوں کوختم کریں گے بلکہ انہیں سہولیات فراہم کرنے والوں کی بھی خیر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند دنوں میں بہت سے لوگوں کو پھانسیاں دی گئیں یہ حکومت کا اقدام ہے حکومت نے عدالتی احکامات پر عمل کیا ہے اور ہم اس کے ذریعے دہشت گردوں کوختم کررہے ہیں۔ حکومت امن قائم کررہی ہے اور ہماری ایجنسی کام کررہی ہیں اور وزیر داخلہ ان معاملات پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالتوں کی جانب سے مبینہ دہشت گردوں کی پھانسیاں روکنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عدالتوں کے معاملے پر بات ججوں سے کریں میں ججوں کا احترام کرتا ہوں جج قانون کے مطابق فیصلہ کرتے ہیں تاہم جہاں قانونی سقم ہے اس کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کی انفارمیشن پر عمل ہورہا ہے رینجرز چھاپے مارہی ہے ہزاروں لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے اب فیصلہ کن مرحلہ ہے اب کسی دہشت گرد اور سہولت فراہم کرنے والا سانس نہیں لے سکے گا۔

عابد شیر علی نے عمران خان کی جانب سے ایف سی کو کے پی کے میں بھیجنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان کی نمائندگی کمیٹی میں شامل ہے اور ایف سی بھیجنے کا فیصلہ وہیں ہوگا۔ اسلام آباد میں آج بھی کچھ لوگوں کو پکڑا ہے جن سے بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں ان سے تحقیقات ہورہی ہے ۔ عابد شیر علی سے سوال کیا گیا کہ جنوبی پنجاب اور پنجاب میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ہیں تو رحمن ملک ٹھکانوں کی نشاندہی کریں حکومت ان کے خلاف کارروائی کرے گی۔

انہوں نے الطاف حسین کی جانب سے مسجد جلانے کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کوئی مسجد گرا سکتا ہے نہ جلا سکتا ہے وہ ہماری عبادت گاہیں ہیں اور جن لوگوں نے ان عبادت گاہوں کو ڈھال بنایا ہوا ہے۔ ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام کے خلاف سیاسی بیان بازی نہ کی جائے ملک کے مفاد میں حکومت اور فوج کا ساتھ دیا جائے۔ قبل ازیں انہوں نے کھلی کچہری میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور سولہ دسمبر کو رونما ہوا وہ پاکستان کا ایک سیاہ دن تھا کے طور پر یاد کیا جائے گا۔

سینکڑوں ماؤں کی گودیں اجڑ گئیں اور تاریخ ان درندوں کوکبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے حکم پر عوام کے مسائل ان کے دروازے پر حل کرنے کیلئے یہاں حاضر ہوا ہوں عوام واپڈا اور میپکو کے رویوں کی وجہ سے پریشان ہیں عوام کو پریشان کرنے والے افسران کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ ہر صارف کی شکایت سنوں گا ۔ ہم احتساب کیلئے عوام کی عدالت میں حاضر ہیں عوام نے ہمیں ووٹ دیا ہے مجھے علم ہے کہ غریب صارفین سے پیسے بٹورے جاتے ہیں میں نے مختلف مقامات پر کھلی کچہریاں لگائیں اور میری کوشش ہوگی کہ ملک بھر کے تمام اضلاع میں جاؤں۔

مجھے عوام کی تکالیف کا علم ہے یہ عوام کی عدالت ہے اور میں نے وزیراعظم کے حکم پرلگائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں ایسے بل جاری کررہے ہیں جن میں میٹر کی تصویر آئے گی اور عوام اپنی ریڈنگ کیا کریں ہمارے میٹر ریڈر گڑبڑ کرتے ہیں عوام ثبوت کے ساتھ شکایات دیں، ہم نے سمارٹ میٹر کا افتتاح کیا ہے جہاں بجلی چوری ہوگی اس کا پتہ چل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو چیک اینڈ بیلنس رکھنا چاہیے۔ لاہور گوجرانوالہ میں پینتیس افسران کومعطل کرکے تحقیقات شروع کی ہیں اور اب کوئی شخص ہماری اور عوام کی گرفت سے نہیں بھاگ سکے گا۔ ہم کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دے رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے بہت سے لوگوں کی درخواستوں پر احکامات جاری کرتے ہوئے ان کے ٹرانسفارمر لگانے کے احکامات جاری کئے ‘ لائنیں تبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے اور میٹر تبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے اور محکمے سے ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کی بھری کے احکامات جاری کیے ۔ منیر احمد کی شکایت پر ایکسین سردار خان اور دیگر ملازمین کومعطل کردیا۔