لاہور ہائیکورٹ نے ہنگامہ آرائی اور پولیس پر فائرنگ کے الزام میں گرفتار عوامی تحریک کے دس کارکنوں کی درخواست ضمانت مسترد کر دی

منگل 23 دسمبر 2014 18:37

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے ہنگامہ آرائی اور پولیس پر فائرنگ کے الزام میں گرفتار عوامی تحریک کے دس کارکنوں کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بھیرہ انٹرچینج پر پر امن احتجاج کرنے پر پولیس نے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ قائم کر کے عوامی تحریک کے ان کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان نے احتجاج کے نام پر قانون کو ہاتھ میں لیا،بھیرہ انٹر چینج پر پولیس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جان سے ہاتھ دھو بیٹھا لہذا ملزمان کی ضمانت منظور نہ کی جائے۔جس پر عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عوامی تحریک کے دس کارکنوں کی درخواست ضمانت مسترد کر تے ہوئے ملزمان کو ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدائت کر دی۔