لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد،

وکلاء اقلیتی بھائیوں کی خوشی میں برابر کی شریک ہیں،شفقت محمود چوہان

منگل 23 دسمبر 2014 18:35

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد،لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر شفقت محمود چوہان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء اقلیتی بھائیوں کی خوشی میں برابر کی شریک ہیں،اقلیتوں کے حقوق کی آواز بلند کرتے رہیں گے ، لاہور ہائیکورٹ بار کے عہدیداروں نے کرسمس کی تقریب میں آنے والے مسیحی وکلا کوخوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاسٹر سلمان نے مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کرنے پر بار ایسویسی ایشن کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری پوری قوم کی طرح سانحہ پشاور کے غم میں ڈوبی ہوئی ہے۔دکھ کی اس گھڑی میں مسیحی غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ تقریب میں لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر شفقت محمود چوہان اور بار کے دیگر عہدیداروں نے مسیحی وکلا کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر ملک و قوم کی خوشحالی اور ملکی ترقی و سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔