آبپاشی کا عملہ بھل صفائی کے کاموں کو بروقت مکمل کرنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائے ،محمود خان

منگل 23 دسمبر 2014 18:34

پشاور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی محمود خان نے محکمے کے اعلیٰ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ امسال بھل صفائی مہم کے دوران صوبے بھر کی تمام نہروں، ایریگیشن چینلز کی صفائی ، تعمیر ومرمت اور بحالی کے کاموں کو بروقت مکمل کرنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور پشاور سمیت تمام شہروں میں نہروں سے نکالے گئے ملبہ، گندگی اوربھل کو بروقت ہٹانے کے لئے بھی بندوبست کیا جائے تاکہ لوگوں کو آمدروفت میں سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول کو بھی بُرے اثرات سے بچایا جا سکے ۔

یہ بات اُنہوں نے ایریگیشن کمیٹی روم پشاور میں بھل صفائی مہم کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جبکہ اجلاس میں سیکرٹری ایریگیشن محمد اکبر خان ، چیف انجینئرز نارتھ و ساؤتھ کمال جہانگیر خان اور ریاض خان کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل سمال ڈیمز اقبال خان ،تمام ایریگیشن سرکل سپرنٹنڈنٹ انجینئرز اور ایگزیکیٹو انجینئرز بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر ٹیکنیکل انجینئر صاحبزادہ شبیر نے اجلاس کے شرکاء کو بتایاکہ امسال ساؤتھ ونگ اور نارتھ ونگ کو 500ملین روپے کی لاگت سے تمام نہروں ایریگیشن چینلز اور ڈرین ایج سسٹم کی صفائی ،تعمیر و مرمت کے کاموں کو مکمل کیا جائے گا ۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ امسال 15جنوری 2013سے تمام نہروں میں بھل صفائی مہم کے لئے پانی بند کیا جائے گا ۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ بھل صفائی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے محکمے کی مانیٹرنگ ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے ۔صوبائی وزیر محمود خان نے بھل صفائی مہم کے لئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس مہم میں مکینکل ڈویژن کی مشینری کے استعمال کو یقینی بنایا جائے ۔وزیر موصوف نے محکمے کے تمام انجینئرز ، اہلکاروں سے واضح الفاظ میں کہا کہ بھل صفائی مہم میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اگر کسی بھی اہلکار کو غفلت کا مرتکب پایا گیا تو اُس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی۔