معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد وزیر کا ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ گلبہار کا دورہ

منگل 23 دسمبر 2014 18:32

پشاور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و فنی تعلیم ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا ہے کہ ہمارے صوبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ضرورت اسے اجاگر کرنے کی ہے اور مستقبل کے معماروں کو زیادہ سے زیادہ فنی تعلیم سے آراستہ کر کے انہیں مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے قابل بنانے اورفنی تعلیم کا فروغ صوبائی حکومت کی ترجیحات ہیں ۔

یہ باتیں انہوں نے ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ کے اچانک دورے کے موقع پر بورڈ انتظامیہ سے باتیں کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

ملک شاہ محمد نے بورڈ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ، تمام شعبوں کے انچارج سے ملے اور وہاں سے متعلق آگہی حاصل کی۔وزیر اعلیٰ کے مشیر نے کہا کہ تمام ٹیکنیکل اور ووکیشنل کالجز کی انتظامیہ اور عملے کو ہدایت کی کہ وہ طلباء کو خوشگوار ماحول میں بہتر تعلیم کی فراہمی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں کیونکہ یہی طلباء ملک کا نام روشن کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی کیلئے سرمایہ کاری میں بھی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بورٹ کو درپیش مسائل کا انہیں بخوبی علم ہے اور ان کے جلد حل کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے تاہم انہوں نے کہا کہ تعلیم کی راہ میں کسی بھی رکاوٹ،کرپشن یا غفلت نا قابل برداشت ہو گی۔