وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس ‘ آرمی چیف ‘ ڈی جی آئی ایس آئی سمیت عسکری حکام کی شرکت ‘ قومی سلامتی کے امورپر تبادلہ خیال

منگل 23 دسمبر 2014 17:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) سیاسی و عسکری قیادت نے دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ‘ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے نظریئے کو ہر صورت شکست دینا ہوگی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے ‘دہشتگردوں کو فنڈز اور سہولت دینے والوں کے درمیان کوئی فرق روا رکھا نہیں جائیگا ۔

ذرائع کے مطابق منگل کو وزیر اعظم نواز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنر ل راحیل شریف ‘ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ‘ وزیر خزانہ اسحا ق ڈار ‘ ڈی جی آئی ایس آئی میجر جنرل رضوان اختر ‘ ڈی جی ملٹری آپریشن ‘ ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے شرکت کی ،اجلاس میں انسداد دہشتگردی سے متعلق قومی ایکشن پلان پر بھی مشاورت کی گئی اوروزیر ستان اور خیبر ایجنسی میں دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز پر غور کیا گیا اجلاس کے دور ان دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف جنر ل راحیل شریف نے وزیر اعظم کو افغان آرمی چیف شیرمحمد کریمی اور ایساف کمانڈر سے ہونے والی ملاقات سے بھی آگاہ کیا اس موقع پر وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کو تمام وسائل مہیا کریگی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے نظریئے کو ہر صورت شکست دینا ہوگی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کو فنڈز اور سہولت دینے والوں کے درمیان کوئی فرق روا رکھا نہیں جائیگا وزیر اعظم نے کہا کہ آخری دہشتگرد کی موجودگی تک آپریشن جاری رہیگا دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :