دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہے ،پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے‘ گورنر پنجاب،

سانحہ پشاور پر پوری قوم اشکبا رہے ،اس بات کا تہیہ کیے ہوئے ہے انشاء اللہ دہشتگردی کے ناسور کو ہمیشہ کیلئے جڑسے اکھاڑ پھینکیں گے، کوئی مذہب یا معاشرہ معصوم شہریوں ،بچوں کو قتل کرنے اجازت نہیں دیتا بنیادی ضروریات کی فراہمی کیئلے مزید اقدامات اٹھانا ہونگے ‘ چوہدری محمد سرور

پیر 22 دسمبر 2014 22:38

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ڈنمارک کے سفیر جسپرمولر نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ خصوصا تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کہ ڈنمارک پاکستان میں توانائی ، زراعت ، انفراسٹرکچر ، لائیو سٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ سمیت مختلف شعبو ں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کر سکتا ہے اور ان سے اس سلسلے میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔

انہو ں نے کہاکہ ڈنمارک پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ جدیدٹیکنالوجی کو پاکستان منتقل کرنے پر بھی توجہ دے تاکہ پاکستان میں صنعت کو جدید خطوط پراستوا ر کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈنمارک کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی وسعت دینا چاہتا ہے۔

ڈنمارک کے سفیر نے اس موقع پر حال ہی میں پشاور میں ہونے والے اندوہناک اور افسوسناک واقعے کی پُرزور مذمت کی اور کہا کہ اس سانحہ میں معصوم بچوں کوجس بیدردی کے ساتھ دہشت گردی کی بھینٹ چڑھایا گیا ہے پوری دنیانے ہر سطح اور مقام پر اس واقعہ کی پُرزور مذمت بھی کی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں پچاس ہزار سے زائد قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم نے اس جنگ میں جو معاشی اور اقتصادی نقصان اٹھایا ہے پوری اقوام عالم اس سے بخوبی آگاہ ہے ، اب اس عفریت کے خاتمے اور اور پاکستان کی قربانیوں کو اس ضمن میں تسلیم کرنے کے لیے پوری دنیا کو پاکستان کا ساتھ دینا ہو گا۔

بعد ازاں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے گورنر ہاؤس لاہور میں انسانی حقوق کے رہنما اور انصار برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین انصار برنی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم نہ صرف متحد ہے بلکہ اس سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کی اس ضمن میں قربانیاں لازوال اور انمٹ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور پر پوری قوم اشکبا رہے اور اس بات کا تہیہ کیے ہوئے ہے کہ انشاء اللہ دہشت گردی کے ناسور کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے جڑسے اکھاڑ پھینکیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کاروائیوں میں معصوم شہریوں کا خون بہانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب یا معاشرہ معصوم شہریوں اور بچوں کو قتل کرنے اجازت نہیں دیتا اور ہم سب کو دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لیے مل کر کردار ادا کر نا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال میں بتدریج بہتری آرہی ہے تاہم عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے مزید اقدامات اٹھانا ہو ں گے اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے قوانین میں ضروری اصلاحات بھی کی جائیں گی۔ انصار برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین انصار برنی نے گورنر پنجاب کو ملک میں انسانی حقوق کی صورت حال کے بارے میں تفصیلا آگاہ کیا - انہو ں نے سانحہ پشاور کی پُرزور مذمت کی اور کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے اور ضرب عضب کے حوالے سے فوج کے کردار اور کامیابیوں کی پُرزور تائید اور حمایت کی ۔