اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائیاں ، اربوں روپے کی منشیات سمگل کر نے کی کوشش ناکام بنادی گئی ،

ایک درجن سے زائد ملزمان گرفتار ، برآمد شدہ منشیات میں4.27ٹن چرس ،17کلوگرام ہیروئن اور24کلوافیون شامل

پیر 22 دسمبر 2014 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں10 کارروائیوں کے دوران 4ارب 43کروڑ40لاکھ روپے مالیت کی 4.3ٹن منشیات کی بھاری مقدار بیرون ملک اسمگل کرنے کی کئی کوششیں ناکام بنا تے ہوئے ایک درجن سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔برآمد شدہ منشیات میں4.27ٹن چرس ،17کلوگرام ہیروئن اور24کلوافیون شامل ہے ۔

پیر کو اے این ایف کی جانب سے جا ری کردہ تفصیلات کے مطابق اے این ایف راولپنڈی نے خفیہ اطلاعات پرمبنی ایک کامیاب کارروائی کے دوران راولپنڈی گوجرخان اورلاہور میں ہیروئن کی بیرونِ ملک سمگلنگ میں ملوث گروہ کو گرفتار کر لیا۔ یہ گروہ بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ لاہور سے مختلف یورپی ممالک کو ہیروئن سمگل کرنے میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران گروہ کے 4ارکان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 15کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ ملزمان کے زیرِ استعمال 3گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔ اے این ایف راولپنڈی نے ایک اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے راولپنڈی جی ٹی روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب واقع قائدِ اعظم انٹر نیشنل ہسپتال کے نواح سے 3ٹویوٹا کرولا گاڑیوں رجسٹرڈ نمبر LES-3743،LEH-9892اور LEI-7389 کو تحویل میں لیا ۔

دورانِ تلاشی مذکورہ گاڑیوں سے مجموعی طور پر 15کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی گئی ہے۔ گاڑی میں سوار ملزمان عبدالرزاق اور رضوان احمد ساکنان لاہور، ارسلان اختر سکنہ راولپنڈی اور نقاش اقبال سکنہ جہلم کو موقع پر حراست میں لے لیا گیا۔ تفتیش کے مطابق، ملزمان ہیروئن خیبر پختونخواہ سے راولپنڈی اور لاہور منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے جو بعد ازاں بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ لاہور سے بیرونِ ملک سمگل کی جانی تھی۔

اس سلسلے میں 6دیگر افراد کو بھی شاملِ تفتیش کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا ، تاہم انھیں ابتدائی تفتیش کے بعدرہا کر دیا گیا۔اے این ایف راولپنڈی نے راولپنڈی جی ٹی روڈ پرگولڑہ موڑکے قریب واقع قائداعظم انٹرنیشنل ہسپتال کے نواح میں ایک کارروائی کے دوران سیالکوٹ کے رہائشی بلال ذاکرنامی شخص کوحراست میں لے کر ملزم کے قبضے سے1.050کلوگرام ہیروئن برآمدکرلی،جو اسکے کندھے پرموجودبیگ میں چھپائی گئی تھی۔

ملزم یہ ہیروئن کسی اور شخص کے حوالے کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ اے این ایف راولپنڈی روڈچیک ٹیم نے خیبر ایجنسی کے رہائشی طاہرشاہ نامی ملزم کو گرفتارکرکے اسکے قبضے سے4.8کلوگرام چرس برآمدکرلی، جو کہ اس نے پرندے کے پنجرے میں مہارت سے چھپا رکھی تھی۔ملزم کو جی ٹی روڈراولپنڈی پر واقع ای ایم ای کالج کے قریب سے گرفتارکیاگیا۔ تفتیش کے مطابق ملزم مقامی سطح پر منشیات فروخت کرنے کے دھندے میں ملوث ہے۔

اے این ایف راولپنڈی نے ایک اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی میں واقع محلہ صفدر آباد کے ایک گھر پر چھاپہ مار کر ملزم محمد وقار اور عثمان فاروق کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 1.1 کلوگرام چرس اور 120گرام افیون برآمد کر لی ۔ دونوں ملزمان حقیقی بھائی ہیں اور سوات کے رہائشی ہیں جبکہ حالیہ مذکورہ مکان پر رہائش پذیر ہیں اور مقامی سطح پر منشیات کی فروخت میں ملوث ہیں۔

اے این ایف راولپنڈی روڈ چیک ٹیم نے راولپنڈی جی ٹی روڈ پر واقع 26 نمبر چونگی پر معمول کی چیکنگ کے دوران ملزم زرمحمدسکنہ خیبر ایجنسی کوگرفتارکرکے ملزم کے قبضے سے1.1کلوگرام چرس برآمدکرلی۔ اطلاعات کے مطابق ملزم مقامی منشیات فروش کو منشیات مہیا کرنے کی غرض سے پشاور سے راولپنڈی آیا تھا۔ اے این ایف راولپنڈی نے گلگت شہر کے قریب واقع گاؤں بسین میں ایک کارروائی کے دوران بشیرنامی مقامی منشیات فروش کو گرفتارکرکے ملزم کے قبضے سے200گرام چرس برآمدکرلی۔

اے این ایف کوئٹہ نے انٹیلی جنس اطلاعات پر مبنی ایک کامیاب کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے علاقے کلی خواجہ زئی کے علاقے سے 4080 کلوگرام گردہ چرس قبضے میں لے لی۔ تفصیلات کے مطابق، یہ منشیات آبادی سے دور دشوار گذار پہاڑوں کے درمیان ایک غیر آباد مقام پر ذخیرہ کی گئی تھی۔ چرس پلاسٹک کے 73 عدد تھیلوں میں بند کی گئی تھی ، جن میں سے 72تھیلوں میں 56/56کلوگرام چرس رکھی گئی تھی جبکہ 1تھیلے میں 48کلوگرام چرس رکھی گئی تھی۔

اطلاعات کے مطابق ، منشیات کی یہ کھیپ کسی دیگر گروہ کے حوالے کئے جانے کے بعد گوادر سے براستہ سمندر بیرونِ ملک سمگل کی جانی تھی ۔ اے این ایف لاہور نے سیالکوٹ شہر میں واقع TCS کے دفتر سے برطانیہ ارسال کئے جانے والے 1عدد پارسل کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 920 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ مذکورہ پارسل میں موٹر سائیکل پر استعمال ہونے والی 4عدد جیکٹیں موجود تھیں جن کے مختلف حصوں مین یہ ہیروئن مہارت سے چھپائی گئی تھی۔

یہ پارسل عمران احمد نامی ایک مقامی شخص کی طرف سے برطانیہ ڈگینہِم میں رہائش پذیر محمد ابراہیم نامی شخص کو ارسال کیا جا رہا تھا۔ اے این ایف پشاور منخبر کی اطلاع پر کروائی کرتے ہوئے مردان میں ملکہ دِھیر کے قریب چارسدہ مردان روڈ پر ایک فورڈ مال بردار ویگن نمبر RIH-3430کو تحویل میں لے کر گاڑی سے 88.75 کلوگرام چرس اور 18.75 کلوگرام افیون برآمد کر لی، جو گاڑی میں لادھی گئی دھان کی تہہ کے نیچے مہارت سے چھپائی گئی تھی۔

گاڑی مین موجود 2 ملزمان خرم وقاص سکنہ شیخوپورہ اور نوید اکبر سکنہ بہاولنگر کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، منشیات مقامی استعمال کی غرض سے پنجاب لائی جا رہی تھی۔ اے این ایف کراچی نے ضلع خیر پور میں واقع گاؤں پیالو کے ایک گھر پر چھاپہ مار کر گھر سے 90کلوگرام چرس اور 2 کلوگرام افیون برآمد کر لی اور مذکورہ گھر کے مالِک معشوق علی لاڑک نامی شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔

تفتیش کے مطابق یہ جگہ ملزم کے زیرِ سرپرستی منشیات کے استعمال کے اڈے کے طور پر استعمال کی جا رہی تھی۔ اے این ایف کراچی نے ضلع خیر پور کے گاؤں چکر وریاسو میں واقع ایک منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر موقع سے 8 کلوگرام چرس اور3 کلوگرام افیون برآمد کر لی۔ تاہم ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ تمام زیرحراست ملزمان کے خلاف مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کرلئے گئے ہیں اورمزیدتفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :