پرویز رشید کی شہید حسن زیب کے والدین اور بھائی سے ملاقات ، سانحہ پر تعزیت کا اظہار ،

ہمارے معاشرے میں انتہاء پسندی کی کوئی جگہ نہیں ،دہشتگردوں کے مکروہ عزائم ناکام بنائے جائیں گے ،پرویز رشید ، پوری قوم، جمہوری قوتیں اور تمام ادارے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے متحد اور مکمل طور پر پرعزم ہیں ، ملاقات میں گفتگو

پیر 22 دسمبر 2014 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے حسن زیب کے والدین اور بھائی موسیٰ زیب سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر پرویز رشید نے موسیٰ زیب کو گلے لگایا اور ان کے ساتھ گہری شفقت کا اظہار کیا موسیٰ زیب پشاور میں دہشتگرد حملہ میں محفوظ رہے تھے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے ان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قوم اس افسوسناک واقعہ پر سوگ میں ہے، ہر پاکستانی اس دکھ میں برابر کا شریک ہے، معصوم بچوں کا قتل کھلی بزدلی ہے،دہشتگردوں کا یہ رویہ بزدلانہ اور بربریت کی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم سوگوار خاندانوں کے اس دکھ اور صدمے میں برابر کی شریک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ملک سے تمام دہشتگردوں کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں انتہاء پسندی کی کوئی جگہ نہیں اور مشترکہ کوششوں سے دہشتگردوں کے مکروہ عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم، جمہوری قوتیں اور تمام ادارے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے متحد اور مکمل طور پر پرعزم ہیں۔

ڈاکٹر آصف کرمانی نے ملک میں دہشتگردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ میں حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ شہید حسن زیب وزیراعظم کے سابق پریس سیکرٹری اور انفارمیشن گروپ کے سینئر آفیسر شبیر انور کے بھتیجے بھی تھے۔ وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی نے بھی اس موقع پر وزیراعظم کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :