عوام اپنے گلی محلے میں کسی بھی مشکوک شخص کو دیکھیں تو فوری طورپر متعلقہ ایس ایچ او کو اطلاع دیں،رحمت خان وردگ

پیر 22 دسمبر 2014 22:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ پشاور واقعے نے پوری قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور اب دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ عوام بھی اپنا فرض ادا کریں کیونکہ ہر گلی میں پولیس اہلکار تعینات نہیں کئے جاسکتے اور جب تک عوام اپنا قومی فریضہ سرانجام نہیں دیں گے اس وقت تک دہشت گردی پر قابو پانا مشکل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے گلی محلے میں کسی بھی مشکوک شخص کو دیکھیں تو فوری طور پر متعلقہ S.H.O. کو اطلاع دیں اور اسی طرح محلے میں رہائش کے لئے آنیوالے مشکوک افراد کے بارے میں بھی قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو اطلاع دیکر اپنا نہ صرف قومی فریضہ انجام دیں بلکہ بے گناہ و معصوم لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی تھانے کا S.H.O. آخر کس قدر کارکردگی دکھاسکتا ہے جب تک عوام خود دہشت گردوں کے بارے میں متعلقہ حکام کو اطلاع نہ دیں؟ انہوں نے کہا کہ میں یقین سے کہتا ہوں کہ اگر قوم کا ہر فرد دہشت گردوں کے خلاف ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مدد کرے تو اس سے دہشت گردی میں نمایاں کمی واقع ہوگی اور عوام دہشت گردی کے خاتمے میں مخلص ہوں تو قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور ایجنسیوں سے بہتر کارکردگی دکھاسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کو سختی سے اس بات پر عملدرآمد کرنا چاہئے کہ اگر کوئی دہشت گرد کسی کے گھر سے گرفتار ہوا تو مالک مکان کو بھی مساوی مجرم تصور کیا جائے اور اس کو بھی اتنی ہی سخت سزا ملنی چاہئے جتنی دہشت گرد کو دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی مشکوک افراد کو گھر کرائے پر نہیں دینا چاہئے اور کرائے داروں کے متعلق اپنے مقامی تھانوں میں اندراج کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز کو بھی چاہئے کہ مکمل تفصیلات لئے بغیر کسی مشکوک شخص کو ہر رہائش کے لئے جگہ نہ دیں۔