لندن، سانحہ پشاور کے شہداء کے لواحقین اورمسلح افواج سے اظہاریکجہتی کیلئے ایم کیوایم کے زیراہتمام ٹر یفلگر اسکوائرپر یادگاری تقریب

پیر 22 دسمبر 2014 21:52

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) پشاورمیں طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں شہیدہونے والے آرمی پبلک اسکول کے معصوم طلبہ ،اساتذہ اورعملے کوخراج عقیدت پیش کرنے اورشہداء کے لواحقین اورمسلح افواج سے اظہاریکجہتی کے لئے ایم کیوایم کے زیراہتمام لندن کے تفریحی مقام ٹر یفلگر اسکوائرپر یادگاری تقریب منعقد کی گئی ۔ تقریب میں سینکڑوں افرادنے شرکت کی جن میں نوجوانوں اوربزرگوں کے ساتھ ساتھ خواتین اوربچوں کی بھی بہت بڑی تعدادشامل تھی۔

اس موقع پر سانحہ پشاورکے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شمعیں روشن کی گئیں اورشہداء کے لواحقین سے مکمل یکجہتی اورہمدردی کااظہارکیاگیا۔ اس یادگاری تقریب میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان اورایم کیوایم یوکے کے عہدیداروں کے ساتھ ساتھ یورپیئن پارلیمنٹ کے رکن اوریورپی پارلیمنٹ کی فارن افیئرزکمیٹی کے چیئرمین امجدبشیر،تھرڈورلڈ سالیڈیریٹی کے چیئرمین مشتاق لاشاری، فورم فورانٹرنیشنل ریلیشنزڈیولپمنٹ کے چیئرمین طحہٰ قریشی،برطانیہ کے پہلے مسلم کوئن کونسل بیرسٹر صبغت اللہ قادری ، برطانیہ کی سینٹرل پریزن کے مذہبی شعبہ سے وابستہ حافظ مسرورالحسن اوردیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

یادگاری تقریب میں لندن کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ برمنگھم، مانچسٹر، شیفیلڈ،بریڈفورڈ، نوٹنگھم، کوونٹری، پیٹربرااوردیگرشہروں میں آبادپاکستانی اورکشمیری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افرادنے بھی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔ شدید سردی کے باوجودنوجوانوں، بزرگوں خواتین اوربچوں نے کئی گھنٹے تک اس یادگاری تقریب میں شرکت کی اور آرمی پبلک اسکول کے شہید طلبہ وطالبات ،اساتذہ اورعملے کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شمعیں جلاتے رہے ۔

اس موقع پر سانحہ پشاورکے شہداء کے لئے حافظ مسرور کی امامت میں غائبانہ نمازجنازہ اداکی گئی اورشہیدوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔تقریب میں ایک بڑابینرتمام شرکاء کی توجہ کامرکزتھاجس میں سانحہ پشاورکے شہید بچوں کی مختلف تصاویرموجودتھیں۔اس کے ساتھ ساتھ تقریب کے شرکاء اپنے ہاتھوں میں مختلف پلے کارڈزبھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر طالبان کی دہشت گردی کی شدیدمذمت کی گئی تھی اور" No to Taliban" , " Crush Taliban to Save Pakistan" , " No More Child to die " , " We are with the families of Peshawar tragedy " کلمات درج تھے۔

ایم کیوایم کی جانب سے ہونے والی یہ یادگاری تقریب ٹریفلگراسکوائرپر مختلف ملکوں سے آنے والے سیاحوں کی توجہ کامرکزبنارہا۔ مختلف سیاحوں نے بھی شمعیں جلاکرسانحہ پشاورکے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب کے اختتام پرسانحہ پشاورکے شہداء کے درجات کی بلندی، پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے، پاکستان کی سلامتی واستحکام اورترقی وخوشحالی کے لئے دعاکی گئی ۔

متعلقہ عنوان :