یورپی پارلیمنٹ سانحہ پشاورپر شہیدوں کے لواحقین اورپاکستانی عوام کے ساتھ ہے۔ رکن یورپی پارلیمنٹ امجدبشیر،

پشاورمیں معصوم بچوں اوراساتذہ کے قتل عام کے سانحہ نے پاکستان سمیت پوری دنیاکوہلادیاہے ۔مشتاق لاشاری

پیر 22 دسمبر 2014 21:52

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) پشاورمیں طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں شہیدہونے والے آرمی پبلک اسکول کے معصوم طلبہ ،اساتذہ اورعملے کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایم کیوایم کے زیراہتمام لندن میں ٹر یفلگر اسکوائرپر منعقدکی جانے والی یادگاری تقریب میں شریک تمام شخصیات نے اس امرپراتفاق کیاہے کہ پاکستان کو بچانے کیلئے طالبان کاخاتمہ کرناہوگااوروقت کاتقاضہ ہے کہ طالبان دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ طالبان دہشت گردوں کی بالواسطہ اور بلاواسطہ حمایت اورمعاونت کرنے والے تمام عناصر کے خلاف بھی بھرپورکارروائی کی جائے ۔

اس موقع پر یورپیئن پارلیمنٹ کے رکن اوریورپی پارلیمنٹ کی فارن افیئرزکمیٹی کے چیئرمین امجدبشیرنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پشاورکے واقعہ کی شدیدمذمت کی اورکہاکہ یورپی پارلیمنٹ پشاورمیں آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں کی جانب سے معصوم طلبہ وطالبات اوراساتذہ کے قتل عام کی شدید مذمت کرتی ہے اوراس دکھ کی اس گھڑی میں شہیدوں کے لواحقین اورپاکستانی عوام کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

تھرڈورلڈ سالیڈیریٹی کے چیئرمین مشتاق لاشاری نے سانحہ پشاورکی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ پشاورمیں معصوم بچوں اوراساتذہ کے قتل عام کے اس سانحہ نے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیاکوہلادیاہے اورپور دنیا اس واقعہ پر سوگوارہے۔ فورم فورانٹرنیشنل ریلیشنزڈیولپمنٹ کے چیئرمین طحہٰ قریشی نے دہشت گردی پاکستان کاسب سے بڑامسئلہ ہے اورجب تک پاکستان سے دہشت گردی کاخاتمہ نہیں ہوگا دنیامیں پاکستان کاامیج بہترنہیں ہوگا۔

برطانیہ کے پہلے مسلم کوئن کونسل بیرسٹر صبغت اللہ قادری نے کہا کہ سانحہ پشاوردہشت گردی ،بربریت اورسفاکیت کابدترین مظاہرہ ہے جس پر ہردل غمزدہ اورسوگوارہے۔انہوں نے دہشت گردی اورطالبانائزیشن کے خلاف ایم کیوایم کے واضح موٴقف کوسراہااورکہاکہ دیگرجماعتوں کوبھی ایساہی واضح اوردوٹوک موٴقف اختیار کرنا چاہیے۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفےٰ عزیزآبادی نے اس موقع پر اپنے خیالات کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو بچانے کیلئے طالبان کاخاتمہ کرناہوگااورطالبان دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ طالبان دہشت گردوں کی بالواسطہ اور بلاواسطہ حمایت اورمعاونت کرنے والے تمام عناصر کے خلاف بھی بھرپورکارروائی کی جائے ۔

انہوں نے لال مسجدکے مولوی عبدالعزیز کی جانب سے ایم کیوایم کے قائدجناب الطا ف حسین کودی جانے والی دھمکی بھی شدیدمذمت کی اورکہاکہ مولوی عبدالعزیزپشاورمیں معصوم طلبہ اور اساتذہ کے قتل عام کودرست اورجائز قراردے رہے اورطالبان کی مخالفت کرنے پر قائدتحریک الطاف حسین اورسول سوسائٹی کوکھلی دھمکیاں دے رہے ہیں لہٰذاان کوفی الفورگرفتارکیاجائے اورایسے عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے ۔

رابطہ کمیٹی کے رکن اظہار احمدخان نے کہاکہ پشاورکاسانحہ پاکستان کی تاریخ کاسب سے المناک واقعہ ہے جس پر پوری قوم سوگوارہے۔رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹرسلیم دانش نے کہاکہ پوری قوم کوطالبانائزیشن اورطالبان دہشت گردوں کے خلاف متحدہوناہوگااورسب کوان دہشت گردوں کی کھل کرمذمت کرنی ہوگی۔رابطہ کمیٹی کے رکن انبساط ملک نے اس موقع پر اپنے جذبات کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ انسانیت پر یقین رکھنے والاکوئی بھی فرد پشاورمیں معصوم طلبہ وطالبات اوراساتذہ کے سفاکانہ قتل عام کی حمایت نہیں کرسکتا اورجو لوگ اس کی حمایت کرتے ہیں اوراس کودرست اورجائزقراردیتے ہیں وہ بھی اس قتل عام میں شریک سمجھے جائیں گے۔

ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے رکن محمدانورنے سانحہ پشاورکی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ جب تک پاکستان سے طالبان دہشت گردوں کاخاتمہ نہیں ہوگااس وقت تک پاکستان میں امن قائم نہیں ہوسکتالہٰذا ریاست پاکستان کوان دہشت گردوں کاقلع قمع کرنے کیلئے بھرپورکارروائی کرنی چاہیے۔