قوم کو خطرات سے آگاہ کرنا اور آگے بڑھ کراس کا مقابلہ کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ،سینیٹر شاہی سید ،

قوم دہشت گردی کے خلاف تقسیم کی لکیر ختم کرے قومی قیادت کو شہید بشیر احمد بلور جیسے جذبے اور عمل کی ضرورت ہے،صدر اے این پی سندھ

پیر 22 دسمبر 2014 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید کہا ہے کہ قوم کو خطرات سے آگاہ کرنا اور آگے بڑھ کر اس کا مقابلہ کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں شہید بشیر احمد بلور دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف انتہائی طاقتور آواز تھے شہید بشیر احمد بلور امن کے افق پر تا قیامت جگمگاتے رہیں گے ان جیسا عزم و حوصلہ رکھنے والا شخص موجودہ سیاسی رہنماؤں میں نظر نہیں آتا ،شہید بشیر احمد بلور کی تاریخ ساز قربانی رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی موجودہ حالات میں پوری قوم کو شہید بشیر احمد بلور کی شدید کمی محسوس ہوئی،شہید بشیر احمد بلور کی دوسری برسی کے موقع پر باچا خان مرکز سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے مذید کہا کہ افسوس کہ چند موقع پرست اور نادان سیاست دان سمجھتے تھے کہ دہشت گردوں کا نشانہ صرف چند سیاسی قوتیں ہی رہیں گی دہشت گردی کی جنگ کو دوسروں کی جنگ کہنے والے ظلم عظیم کے مرتکب ہوئے ظلم عظیم کے مرتکب ہونے والے شہید بشیر احمد بلور کی قبر پر جاکر اپنے گناہوں کی معافی مانگیں،اچھا ہوتا کہ موجودہ حالات میں بشیر احمد بلور کی برسی حکومتی سطح پر منائی جاتی پوری قوم کو اپنے اندر بشیر احمد بلور جیسا جذبہ بیدار کرنا ہوگاوہ اکثر ٹیپو سلطان شہید کا یہ قول دہراتے تھے کہ شیر کی ایک دن کی زندگی گیدڑ کی سو سال کی زندگی سے بہتر ہے اور عملی طور بزدلی کے بجائے شیر کی طرح دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا اور خود کو حسینیت کا حقیقی پیروکار ثابت کیا انہوں نے مذید کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف تقسیم کی لکیر ختم کرے قومی قیادت کو شہید بشیر احمد بلور جیسے جذبے اور عمل کی ضرورت ہے ۔