حکومت اچھے اوربرے طالبان میں امتیاز کئے بغیر دہشت گردوں کے خلاف اقدامات کرے۔ نیشنل پارٹی،

اسکول کے معصوم بچوں کا قتل عام شدید قابل مذمت ہے۔انجینئر حمید بلوچ

پیر 22 دسمبر 2014 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) سانحہ پشاور اسکول پر دہشت گردوں پر حملے اور معصوم بچوں کی المناک واقعہ کے خلاف نیشنل پارٹی نے ضلع ملیر کے حاجی شاہ علی گوٹھ میں ایک تعزیتی اجتماع منعقد کیا جس میں پارٹی کارکنوں کے علاوہ علاقے کے لوگوں اسکول کے بچوں اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس اجتماع سے نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر انجنےئر حمید بلوچ ، ضلع ملیر کے صدر حبیب بلوچ اور جنرل سیکرٹری محمد حنیف بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا نیشنل پارٹی پشاور میں اسکول کے بچوں پر دہشت گردوں کے حملے اور اس میں بچوں اور اسکول کے اسٹاف کے بہیمانہ قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مرکزی حکومت اور صوبائی حکومتوں سے پر زور مطالبہ کرتی ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں انہوں نے کہا کہ ملک میں گزشتہ کئی برسوں میں حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے دہشت گردی کو جس طریقے سے پروان چڑھایا گیا ہے اس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج معصوم بچوں کی جانیں بھی دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہیں ۔

(جاری ہے)

کوئی شخص ادارہ اور کوئی جگہ دہشت گردوں کی پہنچ سے محفوظ نہیں ہے۔ نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردی کی بیخ کنی کرنے کے لئے بہت زیادہ دیر کی لیکن اب بھی حکومت اپنی ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ لے اور اچھے اور برے طالبان میں امتیاز کئے بغیر دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرے تو کوئی وجہ نہیں ہے کہ ملک میں امن قائم نہ ہو سکے ۔

انجنےئر حمید بلوچ نے پشاور کے اسکول میں شہید ہونے والے معصوم بچوں اور دیگر شہداء کے والدین ان کے عزیز واقارب اور دوستوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور خدا تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ خدا ان کو صبر عطافرمائے اور اس بے پناہ دکھ کو برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ آمین)درین اثناء نیشنل پارٹی سندھ کی جانب سے گزشتہ روز کراچی پریس کلب پر سانحہ پشاور کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا جس میں اس المناک سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور حکومت سے دہشت گردی کے خاتمے اور دہشت گردوں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :