دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا انسانوں کے قاتل انسانیت کے دشمن ہیں‘ لیاقت بلوچ ،

ہیومن رائٹس کمیشن ، ایمنسٹی انٹر نیشنل اور پاکستان میں ہی ایک مخصوص لابی سزائے موت پر عملدرآمد کے اقدام کو ہدف تنقید بنا رہے ہیں ، سیاسی جمہوری اور انسانیت کی خدمت کرنیوالی جماعتوں کو کوئی بھی راستے سے نہیں ہٹا سکتا‘ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی کی میڈیا سے گفتگو

پیر 22 دسمبر 2014 21:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ہر طرح کی دہشتگردی ، چاہے وہ فرد ، گروہ ، پارٹی ، ریاست یا عالمی قوتیں کریں اس کی شدید مخالف ہے ۔ہم پاکستان پر مسلط دہشتگردی کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں ، دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا انسانوں کے قاتل انسانیت کے دشمن ہیں ،سانحہ پشاور بڑا المناک سانحہ ہے ،ملک و ملت پر بہت دیر تک اس کے اثرات قائم رہیں گے ،دہشتگردی کے سانحات کی آڑ میں مخصوص لابی مساجد ، منبر و محراب ، قرآن وسنت کی تعلیمات اور اسلامی نظریہ پر حملہ آور ہو جاتی ہے ، یہ بھی قوم کو تقسیم کرنے کی سازش ہے ، سیاسی جمہوری اور انسانیت کی خدمت کرنے والی جماعتوں کو کوئی بھی راستے سے نہیں ہٹا سکتا۔

(جاری ہے)

لاہور میں کارکنان کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ عدالتوں کی طرف سے دہشتگردوں ، قاتلوں کو سزائے موت دیئے جانے کے بعد عملدرآمد پر قائم پابندیوں کا خاتمہ اچھا اقدام ہے ۔ ہیومن رائٹس کمیشن ، ایمنسٹی انٹر نیشنل اور پاکستان میں ہی ایک مخصوص لابی سزائے موت پر عملدرآمد کے اقدام کو ہدف تنقید بنا رہے ہیں ۔ عوام کے لیے یہ امر باعث حیرانگی ہے کہ دہشتگردوں ، خواتین سے اجتماعی آبرو ریزی کر کے قتل کرنے والوں ، ڈکیتیوں میں خواتین کی بے حرمتی اور معصوم بچوں کے قاتلوں سے اس مخصوص طبقہ کو کیوں ہمدردی ہے ۔ حکومت سختی سے حق اور انصاف کے مطابق سزاؤں پر عملدرآمد کرے ۔