دہشت گردوں نے سکول کے معصوم بچوں پر حملہ کرکے ظلم کی انتہاء کردی،اسفندیارولی خان،پاکستان اور افغانستان میں اعتماد کی نئی فضا سامنے آئی ہے،دونوں ممالک کو مل کر دہشت گردی کو ختم کرنا ہوگا، حکومت اگر ضیا الحق دور کی پالسیا ں ختم کریں تو ملک میں بہت جلد امن قائم ہوسکتا ہے، سربراہ عوامی نیشنل پارٹی

پیر 22 دسمبر 2014 21:13

دہشت گردوں نے سکول کے معصوم بچوں پر حملہ کرکے ظلم کی انتہاء کردی،اسفندیارولی ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے سکول کے معصوم بچوں پر حملہ کرکے ظلم کی انتہاء کردی ،ایسا ظلم کبھی یہودیوں نے فلسطینیوں کے ساتھ بھی نہیں کیا، آرمی پبلک سکول واقعے نے سیاسی قوتوں کوایک پلیٹ فارم پر اکٹھاکردیا، حکومت اگر ضیا الحق دور کی پالسیا ں ختم کریں تو ملک میں بہت جلد امن قائم ہوسکتا ہے ، پاکستان اور افغانستان میں اعتماد کی نئی فضا سامنے آئی ہے،دونوں ممالک کو مل کر دہشت گردی کو ختم کرنا ہوگا، اگرمسلئے کا حل نہ نکالا گیا تو دہشتگرد سکولوں پر مذید حملے بھی کر سکتے ہیں نشتر ہال پشاور میں اے این پی کے رہنماء بشیر بلور کی دوسری برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا کہ رنجیت سنگھ مغلوں اور فرنگیوں کے دور میں بھی ایسا ظلم نہیں دیکھا جو ان نام نہاد مسلمانوں نے ہمارے بچوں کے ساتھ کیا، ایسا ظلم کبھی یہودیوں نے فلسطینیوں کے ساتھ بھی نہیں کیا، آج تمام سیاسی قوتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوگئی ہیں کاش ہم نے جو قیمت چکائی ہے اس سے پہلے جمع ہوجاتے تو ہمارے نسلیں بچ جاتیں، آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے اور اس میں عمران خان کی شرکت کو خوش آمدید کہتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جو باتیں ہم سالوں سے کہتے آرہے ہیں حکومت آج ان پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اب بہت ہو چکا ہے جہاں اور جو کوئی بھی سرکار کی علمداری کو چیلنج کریگا اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اس وقت لاکھوں آئی ڈی پیز کی دیکھ بھال صحیح طریقے سے نہیں ہورہی ہے ، حکومت یاد رکھے اگر یہ قبائلی مایوس ہوگئے تو پھر ان کے ہر کیمپ سے ایک نیا طالب نکلے گا وقت آگیا ہے کہ فاٹا کے لئے اصلاحات کی جائیں، فاٹا کو صرف نقشے کا حصہ نہیں سمجھنا چاہئے، قبائلیوں کا بھی اس ملک پر اتنا ہی حق ہے جتنا دیگر صوبوں کی عوام کا ہے، اسفندیار ولی خان نے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ بہت وقت ضائع ہوچکا ہے اب مسئلے کے حل کی طرف جانا چاہئے اور آل پاکستان کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ سے کسی بھی روگردانی نہیں کرنی چاہئے، انہوں نے کہاکہ چین کو ضامن بنا کر پاکستان اور افغانستان کو تعلقات بہتر بنانے چاہئے کیونکہ چین پر دونوں ممالک کو اعتماد حاصل ہے اگر پاک افغان مسئلہ حل نہ ہوا تو ہر گاؤں اور ہر صوبے اور ہر قریہ کا حال ایسا ہی ہوگا جس طرح آرمی پبلک سکول کا ہوا، تقریب میں اسفندیار ولی خان نے بشیر بلور کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے 800سے زائد کارکنوں کی قربانیاں دی ہیں اور ان تمام کارکنوں میں بشیر بلور بھی شامل ہیں لیکن ان کی شہادت کے بعد آج تک ان کی کمی محسوس ہو رہی ہے اور کوئی ان کی جگہ نہ لے سکا،