ریلوے محنت کش یونین کراچی ڈویژن کی جانب سے کراچی سٹی اسٹیشن سے کراچی پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی،

آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہید بچوں کی قربانی کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گی،ریلی کے شرکاء سے رہنما کا خطاب

پیر 22 دسمبر 2014 21:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) ریلوے محنت کش یونین کراچی ڈویژن کی جانب سے کراچی سٹی اسٹیشن سے کراچی پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مرکزی رہنما زید اے صدیقی، چیئرمین یوسف خٹک، عبدالمجید سولنگی، ڈویژنل صدر فقیر گلزار سبحانی، جنرل سیکرٹری کامریڈ مجید اور دیگر نے کی۔ ریلی میں ریلوے محنت کش یونین کراچی ڈویژن کے تمام یونٹوں نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پوسٹر اٹھا رکھے تھے جن پر پشاور میں آرمی پبلک اسکول میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کی تحریریں درج تھیں۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رہنماء نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہید بچوں کی قربانی کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گی۔ بچوں نے اپنی جان کی قربانی دے کر تمام قوم کو مذہبی انتہاپسندی کے خلاف متحد کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے محنت کش یونین ہر قسم کی انتہاپسندی کی مذمت کرتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام دہشت گردوں کو پھانسی دی جائے اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے تاکہ ملک اور اس کے ادارے اس ناسور سے پاک ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے اندر چھپے دہشت گردوں کو بھی بے نقاب کیا جائے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔