قومی قیادت کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا حکومت وقت کے لیے اپنی کارکردگی میں نکھار لانے کا ایک بہترین موقع ہے ۔ محمد زبیر خان

پیر 22 دسمبر 2014 20:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و لیبر ونگ کے مرکزی صدر محمد زبیر خان نے کہا ہے کہ حالات نے اگر قومی قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کردیا ہے تو یہ حکومت وقت کے لیے بھی اپنی کارکردگی میں نکھار لانے کا ایک بہترین موقع ہے ۔ حکومت کو چاہیے کو وہ قومی و عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اپنے اخلاص اور بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے ، خاص کر ملک بھر کے محنت کش جن مسائل کا شکار ہیں انہیں فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔

اداروں کی نجکاری کا عمل روک کر ان اداروں کو پھر سے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے وسائل ، پیشہ ورانہ اہلیت کی حامل انتظامی ٹیم اور بہترین افرادی قوت کے ملاپ سے یہ ادارے ناصرف چلنے کے قابل ہوجائیں گے بلکہ کچھ ہی عرصے میں منافع بخش اداروں میں تبدیل ہوجائینگے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف لیبر یونینز کے نمائندوں کے ایک وفد سے انصاف ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا ۔ زبیر خان نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا فائدہ اب تک عام آدمی تک نہیں پہنچا ، اشیائے صرف کی قیمتیں اُسی طرح آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ نرخوں پر موثر کنٹرول کیا جائے تاکہ ضروریات زندگی کی اشیاء تک عام آدمی کی رسائی آسانی سے ہوسکے ۔