غریب اور متوسط طبقے کو سعادت فراہم کرنے کیلئے سرکاری حج کوٹہ 50 فیصد سے بڑھا کر 75 فیصد کیا جائے: پاسبان

پیر 22 دسمبر 2014 20:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) پاسبان پاکستان پبلک ایشوز کے ڈائریکٹر ابوبکر عثمان نے حاجی کیمپ ، سلطان آباد میں منعقدہ مشاورتی ورک شاپ برائے حج 2015 میں وزارت حج و مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، ایڈیشنل ڈائیریکٹر برائے حج، جوائنٹ سیکریٹری برائے حج اور میڈیا انچارج برائے حج کو عازمین حج کو دوران حج سہولیات پہنچانے کیلئے پاسبان کی جانب سے تحریری طور پرپانچ صفحات پر مبنی لیٹر نمبر REF PHL-PK NO:08/14 کے ذریعے تجاویز فراہم کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال مجھے بھی حج کی سعادت حاصل ہوئی اسلئے جو تجاویز میں پیش کررہا ہوں اس میں دیگر حجاج کرام کے علاوہ میرا ذاتی تجربہ بھی شامل ہے۔ اس سال ٹھکیداروں نے حجاج کرام کوانتہائی غیرمعیاری کھانے کے علاوہ وقت پر بھی فراہم نہیں کیا گیااور بعض اوقات 250 حجاج کرام کیلئے جو کھانا فراہم کیا گیا وہ بمشکل 50 افراد کو پورا ہوسکا۔

(جاری ہے)

انہوں کہا کہ ٹرانسپورٹ سروس قابل اطمینان تھی اگر 12 ذی الحجہ کو منیٰ سے واپسی کیلئے بھی کو ٹرانسپورٹ مہیا کی جائے تو بزرگ حجاج کرام کے سہولت ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ حج برائے 2015میں حاجیوں کو SMS کے ذریعے قربانی کی اطلاع فراہم کرنے کا بندوبست ہونا چاہئے تاکہ وہ حلق کراکے احرام اتار سکیں اور اس سال یہ بات بھی تجربے میں آئی کہ قربانی کا جانور 100 ریال مہنگا دیا گیا ، ان دونوں شکایتوں کا ازالہ کیا جائے۔

عزیزیہ میں اچھی اور معیاری رہائشیں مہیا کرنے کے باوجود ایک چیز تجربے میں یہ آئی کہ قبری ملک عبدالعزیز اور قبری ملک خالد کے قریب کی رہائشیں منیٰ سے قریب ہونے کی وجہ سے حجاج کرام 12ذی الحجہ کو پیدل اپنی رہائش گاہ تک باآسانی پہنچ گئے لہٰذا اگر اچھی معیاری رہائشیں ان مقامات پر دستیاب ہوں تو اُن کو ترجیح دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی سروس کے مقابلے میں سعودی ایئر لائن اور نجی ایئرلائن کافی بہتر ثابت ہوئیں ۔

پی آئی اے نے کھجوروں اور آب زم زم کے تبرکات کے معمولی اضافی وزن پربھاری اضافی چارجز وصول کئے جبکہ دیگر ائیر لائنوں نے اس معاملے میں حجاج کرام کے ساتھ تعاون کیا ۔پی آئی اے کے عملے نے غیرمہذب رویہ اختیار کیا جس کا اندازہ ان کے اس جملے سے لگایا جاسکتا ہے کہ حاجیوں کے پاس بہت پیسہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات میں نمایاں کمی کے بعد ہوائی جہاز کے کرایوں میں بھی معقول کمی کی جائے۔ابوبکر عثمان نے دیگر مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سرکاری حج کوٹہ 50 فیصد سے بڑھا کر 75 فیصد کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ متوسط اور غریب طبقہ حج کی سعادت حاصل کرسکے۔

متعلقہ عنوان :