مقبوضہ کشمیرمیں حریت پسند قائدین کی مسلسل نظر بندی سے بھارتی جمہوریت اور سیکولرازم کا چہرہ بے نقاب ہو گیا ،وزیراعظم چوہدری عبدالمجید،

ڈرامہ انتخابات میں لوگوں کی عدم دلچسپی سے صاف واضح ہو گیا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کے ہر ہتھکنڈے کو سمجھتے ہیں اور وہ اپنا حق خودارادیت حاصل کیے بغیر بھارت کی کسی بھی چال میں نہیں آئیں گے،کشمیر ہاؤس میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو

پیر 22 دسمبر 2014 20:18

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء ) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں حریت پسند قائدین کی مسلسل نظر بندی اور نوجوانوں پر تشدد سے بھارت جمہوریت اور سیکولرازم کا چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔ ڈرامہ انتخابات میں لوگوں کی عدم دلچسپی سے صاف واضح ہو گیا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کے ہر ہتھکنڈے کو سمجھتے ہیں اور وہ اپنا حق خودارادیت حاصل کیے بغیر بھارت کی کسی بھی چال میں نہیں آئیں گے۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔ وہ پیر کے روز یہاں کشمیر ہاؤس میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ جنہوں نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنیوالوں میں سابق ایم این اے رخسانہ زبیری، پاکستان بیت المال کے سابق چیئرمین زمرد خان، آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر شاہین کوثر ڈار، پیپلز پارٹی سہنسہ کے کارکن، پولیٹیکل سیکرٹری عامر ذیشان جرال اور میڈیا ایڈوائزر سید عزادار حسین کاظمی بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے اندر جعلی اور فراڈ انتخابات کا ڈرامہ رچا کر عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھانکنے کی کوشش کی اور پولنگ سٹیشنوں پر اپنے فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو سول کپڑوں میں ملبوس کر کے انہیں ووٹر کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا۔ جس کو مقامی میڈیا نے بے نقاب کر دیا۔ کشمیریوں کا حق خودارادیت ایک اٹل حقیقت کا نام ہے جبکہ انتخابات ایک فراڈ کے سوا کچھ نہیں انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے فراڈ پر پردہ ڈالنے کیلئے اب بھی حریت قائدین محمد یاسین ملک، مسرت عالم بٹ، مشتاق الاسلام، عبدالغنی، عبدالسبحان، ناصر عبداللہ، مفتی عبدالاحد، پرویز احمد تارزو، عبدالصمد انقلابی سمیت درجنوں لیڈر مسلسل زیر حراست ہیں۔

ہزاروں نوجوانوں کو گرفتار رکھا گیا۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر مقبوضہ کشمیر داخلے پر پابندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت درا صل اپنا ڈرامہ بری طرح بے نقاب ہونے کے ڈر سے خوفزدہ ہے۔ اس لیے وہ حریت کانفرنس کی قیادت کو زیر حراست لیا ہوا۔ وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ بھارت جب تک کشمیریوں کو ان کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت نہیں دیتا۔

اس وقت وہ رسوا ہوتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 8 لاکھ سے زائد بھارت فوجی کشمیر پر جبر کے ذریعے قابض نہیں اور مقبوضہ کشمیر کو ایک فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا ہے۔ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بھارتی فوج کا معمول ہے اور امسپا جیسے کالے قوانین سے بھارتی فوج کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کا لائسنس مل چکا ہے۔ وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ اب بھی بھارت کے لیے موقع ہے کہ وہ عالمی فورمز پر اپنی لیڈر شپ کے وعدوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے اور دنیا میں مزید رسوا ہونے سے بچے۔

وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت مقبوضہ کشمیر کے عوام کی بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں ان کی پشت پر کھڑی ہے اور وہ بھارتی مظالم کو دنیا بھر میں بے نقاب کرتی رہی گی۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے او آئی سی وزراء خارجہ کے رابطہ گروپ میں حریت کانفرنس کو مبصر کی حیثیت دلا کر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری انتہائی دلیری کے ساتھ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کر رہے ہیں۔ جس سے بھارت شدید پریشانی میں مبتلا ہے۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجیدنے اس عز م کااعادہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزاد ی دلانے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے