جڑواں شہروں اسلام آباد راور راولپنڈی سمیت پنجاب کے دوسرے شہروں میں گیس کا کم پریشر آج منگل کی شام تک کم ہونے کی قوی امید ،

شرپسندوں کی جانب سے اڑائی گئی پائپ لائن آج پوری طرح مرمت ہوجائے گی،جس کے بعد پنجاب اور اسلام آباد میں گیس کے پریشر میں کمی کا مسئلہ کافی حد تک دور ہوجائے گا

پیر 22 دسمبر 2014 19:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) جڑواں شہروں اور اسلام آباد راور راولپنڈی سمیت پنجاب کے دوسرے شہروں میں گیس کا کم پریشر آج کی منگل کی شام تک کم ہونے کی قوی امید ہے۔ شرپسندوں کی جانب سے اڑائی گئی پائپ لائن آج منگل دوپہر تک پوری طرح مرمت ہوجائے گی۔ جس کے بعد پنجاب اور اسلام آباد میں گیس کے پریشر میں کمی کا مسئلہ کافی حد تک دور ہوجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق گیس کے کم پریشر کی بنیادی وجہ سوئی فیلڈ سے اڑھائی سو ملین کیوبک فٹ گیس کی عدم فراہمی ہے۔ جو کہ شرپسندوں کی جانب سے پائپ لائن اڑائے جانے کی وجہ سے ہوئی اور پلانٹ میں آگ لگنے کے بعد گیس کی پیداوار بند کردی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں گیس کا پریشر بحال کرنے کیلئے سینٹورس ٹاور لگائے گئے گیس سے بجلی پیدا کرنے کے کنکشن کو بھی بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

شرپسند عناصر نے سوئی سے پنجاب کو آنے والی گیس پائپ لائن دو سو میٹر تک دھماکے سے اڑا دی تھی۔ اس کی مرمت کا کام آج مکمل ہوجائے گا اور اس بات کی قوی امید ہے کہ منگل کی شام تک پنجاب اور اسلام آباد کو اڑھائی سو ملین کیوبک فیٹ گیس کی سپلائی بحال ہوجائے گی۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس کے پریشر کی کمی کی سب سے بڑی وجہ سوئی سے گیس کی سپلائی کا منقطع ہوجانا ہے۔

جبکہ ایم ڈی عارف حمید نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اڑھائی سو ملین کیوبک فیٹ گیس ان کے سسٹم کا بیس فیصد ہے۔ اور درجہ حرارت میں کمی کے سبب گیس کی طلب میں بہت زیادہ اضافہ ہوچکا ہے اس لیے بھی گیس کا پریشر بحال کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ لیکن امید ہے منگل کی شام تک گیس کی سپلائی بحال ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ لوگ گیس کا ضرورت کے وقت استعمال کریں تاکہ سب کی ضرورت کو پورا کیا جاسکے۔ جبکہ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام آج منگل کی دوپہر تک مکمل ہوجائے گا۔ پائپ لائن کی مرمت آخری مرحلے میں ہے اور پلانٹ کا کام بھی تھوڑا بہت ہی باقی ہے۔