ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ اختر نواز کی تعیناتی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی گئی،

وفاقی حکومت نے میرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اختر نواز کو ڈی جی سپورٹس بورڈ تعینات کیا ہے جبکہ تعیناتی کیلئے کوئی اخبار اشتہار بھی نہیں دیا گیا،اختر نواز دونوں شرائط پر پورا نہیں اترتے ، درخواست میں موقف

پیر 22 دسمبر 2014 18:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ اختر نواز کی تعیناتی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی گئی، عدالت نے وفاقی حکومت اور ڈی جی سپورٹس بورڈ سے کل جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس مسعود عابد نقوی نے سابق باکسر زین العابدین کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے بیرسٹر حارث عظمت نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت نے میرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اختر نواز کو ڈی جی سپورٹس بورڈ تعینات کیا ہے جبکہ تعیناتی کیلئے کوئی اخبار اشتہار بھی نہیں دیا گیا، بیرسٹر حارث عظمت کے مطابق ڈی سپورٹس بورڈ کے عہدے کیلئے دس تا پندرہ سال کا تجربہ اور متعلقہ تعلیمی قابلیت ہونے لازمی ہے مگر اختر نواز دونوں شرائط پر پورا نہیں اترتے، انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ متعدد فیصلوں میں طے کر چکی ہے کہ اہم عہدوں پر تعیناتیاں شفاف انداز میں کی جائیں گی لہذا ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ اختر نواز کی تعیناتی کالعدم کی جائے، ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے وفاقی حکومت اور ڈی جی سپورٹس بورڈ اختر نواز سے کل تک جواب طلب کر لیا۔