وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی محکمہ کی ملکیت سرکاری زمینوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کی ہدایت ،

کشمیر ریل لنک ایک اہم منصوبہ ہے ،منصوبے کی تکمیل سے پہاڑوں میں رہنے والوں کو بھی ٹرین کی سواری میسر آسکے گی

پیر 22 دسمبر 2014 18:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کی ملکیت سرکاری زمینوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے پر زور دیتے ہوئے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو اس کے لیے تمام وسائل بروٴئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ وہ ریلوے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ 2روزہ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کانفرنس کے پہلے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس میں جنرل منیجر آپریشنز محمد جاوید انور ، جنرل منیجر ڈویلپمنٹ محمد خالد، جنرل منیجر مینوفیکچرنگ اینڈ سروسز اسد احسان سمیت ایڈیشنل جنرل منیجرز، ملک بھر سے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس سمیت اعلیٰ حکام شرکت کر رہے ہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے ریلوے آپریشنل سسٹم کو بہتر بنانے، مسافروں کی سہولیات میں اضافے، ٹرینوں کے اوقاتِ کارکی پابندی پر بھی زوردیا اور ہدایت کی کہ ٹرینوں کو ضرورت کے مطابق اضافی کوچز مہیا کی جائیں اور اس پر بھی غور کیا جائے کہ کون سی ٹرینیں خسارے والی ہیں اور خسارے کو کس طرح کم کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ٹرینوں کے سٹاپوں پر بھی کمرشل بُنیادوں پر غور کیا جائے تاکہ مسافروں کی تعداد بڑھے اور آمدن میں اضافہ ہو۔

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ کشمیر ریل لنک ایک اہم منصوبہ ہے جسے بہت اہمیت حاصل ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے پہاڑوں میں رہنے والوں کو بھی ٹرین کی سواری میسر آسکے گی۔ کشمیر ریلوے کمپنی کے چیئرمین اشفاق خٹک نے اس منصوبے کی ابتدائی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی جس پر وفاقی وزیر نے زور دیا کہ اس کے لیے وہ آپشن استعمال کی جائے جس سے مسافروں اور ریل کو زیادہ اور دیرپا فائدہ حاصل ہو۔

متعلقہ عنوان :