مسئلہ کشمیر بارے عالمی سطح پر بے چینی پائی جاتی ہے،کشمیر اور مشرقی تیمور کیلئے الگ معیار عالمی برادری کیلئے چیلنج ہے،محمد برجیس طاہر

پیر 22 دسمبر 2014 17:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک بے چینی پائی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کشمیریوں کے حق میں کئی قراردادیں پاس کی گئی ہیں۔ کشمیر اور مشرقی تیمور کے لیے علیحٰدہ علیحٰدہ عالمی معیار خود اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتخابات اس صدی کا سب سے بڑا دھوکہ ہیں، جسے غیّور پاکستانی اور بہادر کشمیری کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بھارت عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونک کر یہ ثابت کرنا چاہتاہے کہ کشمیری اس کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ اگر کشمیری بھارت کے ساتھ ہیں تو اس نے وہاں 8 لاکھ فوج کیوں تعینات کررکھی ہے؟ بھارت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فوج کی مدد سے لوگوں کو الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے لیے مجبور کرتا ہے۔ بائیکاٹ کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جاتی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئی بھی انتخاب استصواب رائے کا نعم البدل نہیں ہوسکتا۔ جب کہ کشمیری حق خود ادادیت کے اپنے مطالبے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی جنگ اُس وقت تک لڑتا رہے گا جب تک کشمیر بھارتی شکنجے سے آزادی حاصل نہیں کر لیتا۔