پنجاب کے داخلی وخارجی راستوں کی سخت نگرانی کرنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھانے کا فیصلہ

پاکستان کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کرنے کا وقت آن پہنچا ہے‘ محمد شہباز شریف

پیر 22 دسمبر 2014 17:31

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سفاک درندوں نے پشاور میں معصوم بچوں کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایا جس پرپوری قوم غمزدہ ہے، دہشت گردی کے اس المناک واقعہ پر ہر آنکھ اشکبا ر اور ہر دل زخمی ہے، اب پاکستان کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کرنے کا وقت آن پہنچا ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے بیدار اور متحد ہو چکی ہے، قوم کے اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور قائد اور اقبال کے خوابوں کے مطابق پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

وہ پیر کے روز یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں موجودہ حالات کے تناظر میں سکیورٹی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اورصوبے میں سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے حوالے سے تجاویز پر غور و خوض کیا گیا اور بعض اہم فیصلے کئے گئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل خان طاہر جاوید خان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل عامر عباسی، صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، ارکان اسمبلی رانا ثناء اللہ، زعیم حسین قادری، چیف سیکرٹری، معاون خصوصی عزم الحق، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران پنجاب کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی سخت نگرانی کرنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے چیلنج سے عوام کے اتحاد کی طاقت اور موثر حکمت عملی کے ذریعے نمٹا جائے گا۔ پاکستان کے 18 کروڑ عوام دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے بیدار ہو چکے ہیں اور سیاسی، مذہبی اور فوجی قیادت بھی دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ اتفاق اور یگانگت کا مثالی مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز سے دہشت گردوں کو ہمیشہ کیلئے نیست و نابود کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

تقریروں کا وقت گزر چکا ہے ،اب صرف موثر فیصلہ کن کارروائی کا وقت ہے جس کیلئے پوری قوم افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاک افواج کے افسران، جوانوں، پولیس حکام و اہلکاروں اور عام شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں اور اب تک 40 ہزار سے زائد پاکستانی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں وطن پرقربان کر چکے ہیں جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی قوم میں نیا جذبہ، عزم اور بھرپور قوت موجود ہے اور یہی لمحہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا ہے جس میں صرف جیت ہی واحد آپشن ہے اور انشاء اللہ ہم سب قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے، پاکستان کو بچانے کی جنگ ہر قیمت پر جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین تربیت یافتہ فوج ہے جو اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور انشاء اللہ افواج پاکستان پوری قوم کی تائید اور حمایت سے امن کے دشمنوں کو شکست فاش دیں گی اور ملک دشمنوں کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد سب کے سب برے ہیں اور سب کے خلاف یکساں اور بلاامتیاز کارروائی کا وقت آ گیا ہے۔ دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور حامیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔ نئے عزم اور قومی جذبے کے ساتھ دہشت گردوں کا صفایا کرکے نئی نسل کو پرامن اور محفوظ پاکستان دینے کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی، مذہبی اور فوجی قیادت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔

دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کرنے کیلئے انقلابی اور موثر اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس ضمن میں سول سوسائٹی کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ جنگ پوری قوم کی جنگ ہے، یہ جنگ پاکستان کی جنگ ہے، یہ جنگ ہم سب کی جنگ ہے جسے جیتناہی پہلا اور آخری آپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں تمام متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ فرائض سرانجام دیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے کیونکہ غیر معمولی صورتحال غیر معمولی اقدامات کی متقاضی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن کیلئے مشترکہ سب کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے کہا کہ پنجاب حکومت اور پولیس کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے حوالے سے تعاون جاری رکھیں گے کیونکہ یہ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے جس کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو آپس میں مل کر کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج پولیس کو جدید تربیت فراہم کرنے کیلئے ہرممکن تعاون جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :