شہروں میں چُھپے دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کُن آپریشن ہوگا، وزیراعظم نواز شریف

پیر 22 دسمبر 2014 17:24

شہروں میں چُھپے دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کُن آپریشن ہوگا، وزیراعظم ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22دسمبر 2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ دوسرا آپریشن ضرب عضب شہروں میں چُھپے دہشتگردوں کیخلاف ہوگا۔ کہتے ہیں دہشتگردوں کو پناہ دینے والوں اور ان کی سرپرستی کرنے والوں میں کوئی فرق نہیں ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کُن جنگ ہوگی۔ دہشتگردی اور فرقہ واریت پاکستان کیلئے ایک کینسر ہے۔

ملک کو دہشتگردی کے کینسر سے نجات دلا کر رہیں گے۔ وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی صدارت میں انسداد دہشتگردی سے متعلق اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وفاقی وزراء چودھری نثار، اسحاق ڈار اور عبدالقادر بلوچ بھی موجود تھے۔ اجلاس میں انسداد دہشتگردی سے متعلق حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی اور فرقہ واریت پاکستان کیلئے ایک کینسر ہے۔

دہشتگردوں کو پناہ دینے والوں اور سرپرستی کرنے والوں میں کوئی فرق نہیں ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ اب دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کُن جنگ ہوگی۔ ایک آپریشن ضرب عضب قبائلی علاقوں میں جاری ہے جبکہ دوسرا شہروں میں چُھپے دہشت گرد دشمنوں کیخلاف ہوگا۔ وزیراعظم نے دہشتگردوں کیخلاف جاری فیصلہ کُن کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے اپنی اعلیٰ قانونی ٹیم اور اٹارنی جنرل آفس سمیت دیگر کو واضح ہدایات دی ہیں کہ وہ دہشتگرد جن کو عدالتوں سے حکم امتناعی ملا ہے یا پھر کسی وجہ سے کیس آگے نہیں چل رہے تو ان کے ایکزیکیوشن کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے کیونکہ ایسے افراد رحم کے مستحق نہیں جنہوں نے ہمارے جوانوں، عورتوں، بوڑھوں اور بچوں کو شہید کیا۔

اس کے علاوہ نواز شریف نے کہا کہ جو بھی کیسز عدالتوں میں پیڈنگ ہیں ان پر جلد از جلد ایکشن شروع کیا جائے تاکہ جلد از جلد دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ ترجمان وزیراعظم ہائوس کے مطابق وزیراعظم نے اس حوالے سے اٹارنی جنرل آفس کو ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ وزیراعظم نے لیگل ریفارمز کمیٹی کی تشکیل کے لئے وزارت قانون کو ہدایات جاری کرتے ہوئے چودھری اشرف کو لیگل ریفارمز کمیٹی کا سربراہ بھی مقرر کر دیا جبکہ کمیٹی مروجہ قوانین میں ترمیم اور نئے قوانین کی تیاری میں معاونت کرے گی۔

متعلقہ عنوان :