سندھ ہائی کورٹ نے صدر ٹاوٴن سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے 14جنوری تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا

پیر 22 دسمبر 2014 17:07

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء) سندھ ہائی کورٹ نے صدر ٹاوٴن سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے 14جنوری تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔کیس کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس شوکت علی میمن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔دوران سماعت حکومت سندھ ،کے ایم سی ،ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ اور دیگر فریقین نے الگ الگ جواب جمع کرائے ۔

حکومت کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں بتایا گیا تھا کہ عدالتی احکامات کے بعد حکومتی مشینری صدر ٹاوٴن کے مختلف علاقوں سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے متحرک ہوچکی ہے اور جلد ہی علاقے سے تجاوزات کا خاتمہ کردیا جائے گا ۔سماعت کے دوران درخواست گذار رانا فیض الحسن نے کہا کہ کچھ دن قبل کے ایم سی اور پولیس نے صدر ایمپریس مارکیٹ سے چند ٹھیلے صرف تصویریں بنوانے کے لیے ہٹائے تھے ۔

(جاری ہے)

ٹھیلا مافیا نے پولیس پر حملہ کیا ،جس کے بعد پولیس تجاوزات کا خاتمہ کیے بغیر ہی چلی گئی اور چار گھنٹے بعد ہی اس علاقے میں دوبارہ تجاوزات قائم کردی گئی تھیں ۔صدر کے مختلف علاقوں میں قبضہ مافیا ٹھیلا لگانے کی آڑ میں غیر قانونی کام کررہے ہیں اور پولیس ان کی سرپرستی کررہی ہے ۔عدالت مستقل بنیادوں پر تجاوزات کے خاتمے کا حکم دے ۔عدالت نے 14جنوری تک تجاوزات ختم کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔

متعلقہ عنوان :